لاکھوں پاؤنڈ کا فراڈ کرنے والی شاطر ملزمہ ’بلیک وڈو‘ گرفتار

Wait 5 sec.

میڈرڈ / لندن : برطانیہ میں 89 سالہ خاتون سے 3 لاکھ پاؤنڈ سے زائد کا فراڈ کرکے اسپین فرار ہونے والی ملزمہ ’بلیک وڈو‘ کو گرفتار کرلیا گیا۔برطانوی میڈیا میں ’بلیک وڈو‘ کے لقب سے مشہور 63 سالہ پامیلا گوینیٹ کو اب برطانیہ کے حوالے کیے جانے کا امکان ہے، جہاں اسے 6 سال قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔برطانوی حکام کے مطابق ملزمہ پامیلا گوینیٹ عرف ’بلیک وڈو‘ نے 89 سالہ جون گرین کی ہمدرد اور دیکھ بھال کرنے والی خاتون بن کر اس کا اعتماد حاصل کیا پھر سازش کے تحت اسے اس کے اہلِ خانہ اور آہستہ آہستہ اسے اس کے قریبی رشتہ داروں سے بھی علیحدہ کردیا۔رپورٹ کے مطابق ملزمہ نے اس دوران بزرگ خاتون کے مالی معاملات پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا اور اس کے لاکھوں پاؤنڈ اپنے ذاتی اخراجات پر خرچ کیے۔عدالتی کارروائی کے مطابق ملزمہ نے متاثرہ خاتون کی رقم سے اپنے گھر کے رہن (مارگیج) کی بڑی ادائیگیاں کیں، مہنگے ریستورانوں میں عیش و عشرت سے لطف اندوز ہوتی رہی اور بیوٹی ٹریٹمنٹس، بشمول بوٹوکس پر بھی رقم خرچ کی۔ یہاں تک کہ نومبر 2022 میں جون گرین کے انتقال کے بعد بھی اس نے مرحومہ کے اکاؤنٹس سے رقم نکالنا جاری رکھا۔پریسٹن کراؤن کورٹ نے گزشتہ سال پامیلا گوینیٹ کو فراڈ اور چوری کے مقدمات میں قصور وار قرار دیا تھا، تاہم وہ مقدمے کی سماعت شروع ہونے سے قبل ہی ضمانت پر رہائی کے دوران اسپین فرار ہوگئی تھی، عدالت نے ملزمہ کی عدم موجودگی میں 6 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ہسپانوی پولیس کے مطابق برطانوی حکام کی جانب سے جاری بین الاقوامی وارنٹ گرفتاری موصول ہونے کے چند گھنٹوں کے اندر ملزمہ کو لاس کرسٹیانوس کے علاقے ٹینیرائف سے گرفتار کرلیا گیا، جہاں وہ ایک ولا میں رہائش پذیر تھی اور معمول کی زندگی گزار رہی تھی۔عدالتی سماعت کے دوران جج نے ریمارکس دیے کہ جون گرین اور ان کے مرحوم شوہر نے ساری زندگی محنت کرکے اپنی جمع پونجی بنائی لیکن ملزمہ نے انہیں صرف ’دودھ دینے والی گائے‘ سمجھا اور منصوبہ بندی کے تحت ان کی کمزوری اور تنہائی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کے اعتماد کو مالی مفاد کے لیے استعمال کیا۔تحقیقات کے مطابق ملزمہ نے جھوٹ بول کر بزرگ خاتون کو یقین دلایا کہ ان کے اپنے رشتہ دار ان کی پنشن ہڑپ کرنا چاہتے ہیں، جس کے بعد اس نے انہیں خاندان سے مکمل طور پر الگ تھلگ کر دیا۔بعد ازاں کورونا وبا کے دوران انہیں اپنے گھر کے قریب ایک کیئر ہوم منتقل کیا اور پھر اپنے گھر لے جا کر دروازوں پر تالے لگا دیے اور لینڈ لائن نمبر بھی تبدیل کر دیا تاکہ خاندان ان سے رابطہ نہ کرسکے۔تحقیقات کرنے والی پولیس افسر جارجیا لاٹن نے کہا کہ ملزمہ نے ایک بے بس اور کمزور خاتون کے اعتماد کو بے رحمی سے استعمال کیا، انہیں ان کے بچوں اور نواسے نواسیوں سے دور رکھا اور تقریباً 3 لاکھ پاؤنڈ کی خطیر رقم ہڑپ کرلی۔