بیگوسرائے: بہار کے ضلع بیگوسرائے میں اجتماعی زیادتی کی شکایت درج کرانے والی ایک خاتون کو مقدمہ واپس لینے سے انکار پر چھت سے نیچے پھینک دیا گیا۔ متاثرہ خاتون کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ متاثرہ خاتون کے بیان کی بنیاد پر دو افراد کے خلاف ایف آئی آر (FIR) درج کر لی گئی ہے۔ پولیس نے نامزد ملزمان میں سے ایک، جس کی شناخت بھوگل کمار کے طور پر ہوئی ہے، کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دوسرے مشتبہ شخص کی تلاش جاری ہے۔پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون اب خطرے سے باہر ہیں اور واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، خاتون پر مقدمہ واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا تھا۔خاتون کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ یہ حملہ ان مبینہ دھمکیوں اور دباؤ کا نتیجہ ہے جو ملزمان اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے گزشتہ کئی مہینوں سے دی جارہی تھیں، تاکہ چھ ماہ قبل درج کرایا گیا اجتماعی زیادتی کا مقدمہ واپس لے لیا جائے۔خاتون نے اس سے قبل پانچ افراد پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے 11 جون کی رات اس کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی تھی۔پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کے بیان کی بنیاد پر دو افراد کے خلاف ایف آئی آر (FIR) درج کر لی گئی ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزمان میں سے ایک، بھوگل کمار کو گرفتار کر لیا ہے۔