(13 نومبر 2026): ملکی انتخابات میں شکست کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ ایران کے خلاف مشترکہ جنگ دوبارہ شروع کریں۔امریکی خبر رساں ادارے ایگزیوس نے حالیہ رپورٹ میں متعدد ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ رومن گوفمین اس وقت امریکا میں ٹرمپ انتظامیہ کے سینئر حکام سے ایران میں جنگ کے بارے میں بات چیت کیلیے موجود ہیں۔رومن گوفمین کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ایران کے خلاف جنگ دوبارہ شروع کرنے کیلیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔موساد کے سربراہ سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف سے ملاقات کر رہے ہیں۔ توقع ہے کہ وہ وائٹ ہاؤس کے نمائندے اسٹیو وٹکوف سے ملنے کیلیے میامی بھی جائیں گے۔یہ بھی پڑھیں: صدر ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان فون پر تلخ کلامی اور چیخ و پکاررپورٹ کے مطابق موساد، سی آئی اے اور وائٹ ہاؤس نے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔واضح رہے کہ اب تک ڈونلڈ ٹرمپ نے نیتن یاہو کے جنگ پر واپس جانے کے دباؤ کو مسترد کیا ہے۔ ایک امریکی عہدیدار کے مطابق دونوں رہنماؤں نے 5 نومبر کو ہونے والی فون کال میں ایران جنگ پر بات کی تھی۔27 اکتوبر 2026 کو اسرائیل میں ہونے والے عام انتخابات کے بعد نیتن یاہو پارلیمنٹ میں اپنی اکثریت کھو چکے ہیں، اور ان کے مخالف گاڈی آئزن کوٹ کو نئی حکومت بنانے کا مینڈیٹ ملا ہے۔اسرائیلی اپوزیشن کے رہنماؤں کو خدشہ ہے کہ نیتن یاہو ایران پر حملہ کرنے کی کوشش کریں گے، یا ایران کو اسرائیل پر حملہ کرنے کیلیے اکسائیں گے تاکہ آئزن کوٹ کی کوششوں کو ناکام بنایا جا سکے۔ اگر آئزن کوٹ کامیاب ہو جاتے ہیں تو نیتن یاہو اقتدار سے ہٹ جائیں گے۔گزشتہ روز نیتن یاہو نے آئزن کوٹ سے دو گھنٹے ملاقات کی اور انہیں ایران کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔ آئزن کوٹ کے قریبی ذریعے نے بتایا کہ ان کے خیال میں موجودہ صورتحال ایران کے خلاف فوری فوجی کارروائی کا تقاضا نہیں کرتی۔