تہران: ایران نے ریفریجریٹرز کی ہیکنگ سے متعلق فرانسیسی الزامات مسترد کر دیے، پاسدارانِ انقلاب نے اسے ’صہیونی سازش‘ قرار دے دیا۔ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے فرانس کے اس الزام کو مسترد کر دیا ہے کہ ایرانی سائبر یونٹس نے ملک بھر میں ریفریجریشن نظام کو ہیک کیا تھا۔ پاسداران کے ترجمان حسین محبی نے ہفتے کے روز فرانسیسی الزامات کو ’’گھسا پٹا صہیونی منصوبہ‘‘ قرار دیا۔ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق محبی نے ایک بیان میں کہا ’’ریفریجریشن نظام پر حملے کا مضحکہ خیز دعویٰ ایک گھسا پٹا صہیونی منظرنامہ ہے۔‘‘فرانس نے رواں ہفتے کے آغاز میں پاسدارانِ انقلاب پر اکتوبر کے مہینے میں ملک بھر میں 700 سے زائد تجارتی مراکز کے ریفریجریشن نظاموں پر سائبر حملے کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ فرانسیسی حکام کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں آگ لگنے کے واقعات پیش آئے اور خوراک کی صورت میں کروڑوں یورو مالیت کا نقصان ہوا۔ فرانس نے ان سائبر کارروائیوں کا ذمہ دار پاسدارانِ انقلاب کے سائبر یونٹ ’’شہید کاوہ‘‘ کو ٹھہرایا ہے۔امریکا نیا بیانیہ بنا کر غیر قانونی جنگ کے الزام سے بچنا چاہ رہا ہے، اسماعیل بقائیپاسداران نے کہا کہ فرانس صہیونی حکومت کے فالس فلیگ جال سے ہوشیار رہے، وہ یورپ میں ہمدردیاں سمیٹنے کے لیے پروپیگنڈا کر رہی ہے، امریکا اور صہیونی رجیم کے برعکس عام شہری ہمارے اہداف نہیں ہیں، ایران سے متعلق خوف پھیلانا صہیونی حکومت کا پرانا حربہ ہے۔یاد رہے کہ فرانسیسی حکام نے پیر کو پاسداران پر تجارتی ریفریجریٹرز اور فریزرز کو ناکارہ بنانے والے سائبر حملوں کا ذمہ دار ہونے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ایران کو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔روئٹرز کے مطابق اکتوبر کے اوائل میں فرانس کی سیکڑوں سپر مارکیٹوں کو نشانہ بنانے والے یہ سائبر حملے فروری میں شروع ہونے والی ایران جنگ کے دوران سب سے زیادہ خلل ڈالنے والے سائبر حملوں میں شمار ہوتے ہیں۔ اس جنگ کے دوران ڈیجیٹل نظاموں میں مبینہ مداخلت کے متعدد واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ان واقعات میں مارچ میں لاس اینجلس کے ٹرانزٹ نظام، جولائی میں امریکا کے پانی صاف کرنے والے پلانٹس اور اگست میں امریکا جانے والے بحری جہازوں کے خلاف سائبر حملے بھی شامل ہیں۔