’شیخ حسینہ کے سامنے اب پھانسی علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں‘

Wait 5 sec.

ڈھاکا: بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم اور عوامی لیگ کی سربراہ شیخ حسینہ کی وطن واپسی کے منصوبے پر ملک کے انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل (آئی سی ٹی) کے چیف پرازیکیوٹر محمد امین الاسلام کا کہنا ہے کہ شیخ حسینہ کے سامنے اب پھانسی کی سزا کے فیصلہ کا سامنا کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ اگر وہ بنگلہ دیش واپس آتی ہیں تو انھیں اس فیصلہ کا سامنا کرنا پڑے گا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں برس کے اوائل میں شیخ حسینہ کا کہنا تھا کہ وہ دسمبر میں بنگلہ دیش واپس آنے کا منصوبہ بنا رہی ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ گرفتاری یا قتل کیے جانے کا خدشہ بھی انھیں بنگلہ دیش واپس آنے سے نہیں روک سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’مجھے جیل بھیجا جا سکتا ہے یا میرا قتل بھی کیا جا سکتا ہے، لیکن خوف یہ طے نہیں کر سکتا کہ عوام کے تئیں میری ذمہ داری کیا ہے۔‘‘رپورٹ کے مطابق شیخ حسینہ کی وطن واپسی کے منصوبے پر بنگلہ دیش کے انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل کے چیف پرازیکیوٹر امین الاسلام نے سوال اٹھائے ہیں۔اُن کا کہنا ہے کہ اگر شیخ حسینہ واقعی بنگلہ دیش واپس آنا چاہتی تھیں تو انھیں مقدمے کی سماعت کے دوران ہی واپس آ جانا چاہیے تھا۔ انھیں مقدمے کا سامنا کرنا چاہیے تھا اور عدالت میں اپنا موقف پیش کرنا چاہیے تھا۔‘‘عوامی لیگ کی سربراہ کی جانب سے بنگلہ دیشی ہائی کمیشن سے نیا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ جاری کرنے کی درخواست کیے جانے پر امین الاسلام نے کہا کہ ’’جس شخص کو سزائے موت سنائی جا چکی ہو، اسے سفر سے متعلق دستاویزات جاری کرنے کی کوئی قانونی بنیاد موجود نہیں ہے۔‘‘اُن کا بنگلہ دیش پاسپورٹ آرڈر 1973 کا حوالہ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ’’اس قانون کی دفعات 6 اور 7 کے تحت سزا یافتہ افراد کو پاسپورٹ جاری کرنے پر پابندی ہے۔