واشنگٹن: امریکی حکام نے بتایا ہے کہ فضائی نظام کی بڑے پیمانے پر ہونے والی بندش، جو تقریباً پانچ گھنٹے تک جاری رہی اور جس کے باعث جمعے سے اب تک 20 ہزار سے زائد پروازیں متاثر ہوئی ہیں، ممکنہ طور پر حکومتی ٹھیکے دار کمپنی L3Harris کے نصب کردہ ایک ہی راؤٹر کی خرابی کا نتیجہ تھی۔روئٹرز کے مطابق امریکی وزیرِ ٹرانسپورٹیشن شان ڈفی نے ہفتے کے روز کہا ’’یہ ایف اے اے کا ایسا نظام تھا جو اس موقع پر اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہا۔‘‘ڈفی نے جمعے کو بتایا تھا کہ ’ایل 3 ہیرس‘ ایک دور افتادہ مقام پر معمول کی دیکھ بھال کے سلسلے میں مواصلاتی لائنوں کو پرانی تانبے کی تاروں سے فائبر آپٹک کیبلز پر منتقل کرنے کا کام کر رہی تھی۔ حکام کے مطابق اس بات کا امکان ہے کہ آرکنساس اور ٹیکساس، دونوں ریاستوں میں نصب کیے گئے راؤٹرز میں اس دوران کوئی خرابی پیدا ہو گئی ہو۔شان ڈفی نے کہا ’’ہم یہ تعین کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا یہ نااہلی کا معاملہ تھا، یعنی کیا ایل 3 ہیرس کے عملے یا راؤٹر نصب کرنے والوں سے انسانی غلطی ہوئی، یا انھوں نے کوئی خراب راؤٹر نصب کر دیا تھا؟ ہم ابھی تک یہ طے نہیں کر سکے کہ خرابی کی اصل وجہ کیا تھی۔‘‘امریکی کمپنی ایل 3 ہیرس ٹیکنالوجیز نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور 13 نومبر کو ملک بھر میں فضائی سفر روکنے کا حکم جاری ہونے کے اسباب اور حالات کو سمجھنے کے لیے اپنی تحقیقات میں ایف اے اے کی معاونت کر رہی ہے۔ کمپنی نے اس بات کی نشان دہی بھی کی کہ وہ پرانی تانبے کی تاروں پر مشتمل مواصلاتی نظام کو فائبر آپٹک نظام میں تبدیل کرنے کے منصوبے کے تحت فضائی حدود کے مواصلاتی نظام کی منتقلی کا 70 فی صد سے زیادہ کام مکمل کر چکی ہے۔نئے اے آئی نظام کا نفاذ اور فضائی تعطل ایک ہی وقت پر ہوا، سی این اینایف اے اے اپنے پرانے تانبے کی تاروں والے نظام کی دیکھ بھال پر سالانہ ایک ارب ڈالر خرچ کرتی ہے اور اسے زیادہ جدید، فائبر پر مبنی مواصلاتی نظام سے تبدیل کرنے کے لیے تیزی سے کام کر رہی ہے۔ڈفی نے کہا ’’ہمیں L3Harris یا اس کمپنی سے جس نے ہمیں یہ راؤٹر فراہم کیا، بہتر کارکردگی کی توقع ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’امریکا کا تقریباً ہر ادارہ تانبے کی تاروں سے فائبر اور اینالاگ نظام سے ڈیجیٹل نظام کی طرف منتقل ہو چکا ہے۔‘‘اس خرابی کے باعث ملک بھر میں ایف اے اے کے فضائی راستوں کی نگرانی کرنے والے 22 مراکز میں سے 17 کے مواصلاتی نظام پر غیر معمولی دباؤ پڑنے لگا۔ اس صورت حال کے نتیجے میں ایف اے اے کو ملک بھر میں پروازیں روکنے کا حکم جاری کرنا پڑا، کیوں کہ وہ خرابی کی بنیادی وجہ کا تعین نہیں کر پا رہی تھی۔ڈفی نے بتایا کہ نئے راؤٹرز ہر چار سے پانچ سیکنڈ کے دوران ایک ہزار سے زائد مرتبہ کنکشن قائم کرنے کی کوششیں کرتے ہوئے دوسرے راؤٹرز پر رابطوں کی درخواستوں کی بھرمار کر رہے تھے۔ اس کے نتیجے میں ایف اے اے کی تنصیبات میں طیاروں اور ریڈار کے درمیان مواصلاتی رابطوں میں مسائل پیدا ہوئے۔بیڈفورڈ نے کہا کہ جب ایف اے اے نے ’’ان راؤٹرز کی ڈیٹا کا تبادلہ کرنے کی صلاحیت‘‘ کھو دی تو اسے یہ اقدام کرنا پڑا۔ ایف اے اے اب بھی یہ سمجھنے کی کوشش کر رہی ہے کہ خرابی کی بنیادی وجہ کیا تھی۔ڈفی کے مطابق جن راؤٹرز کو تبدیل کیا جا رہا ہے، وہ تقریباً 25 سال پرانے ہیں اور انھیں 2006 میں ہی تبدیل کر دیا جانا چاہیے تھا۔ اس واقعے کو امریکا کے فرسودہ فضائی ٹریفک کنٹرول کے مواصلاتی نظام اور پرانے مواصلاتی ذرائع کو فعال رکھتے ہوئے ان کی جگہ نئے نظام نصب کرنے میں درپیش مشکلات کی تازہ ترین اور تکلیف دہ مثال قرار دیا گیا ہے۔امریکی فضائی ٹریفک کنٹرول کے نیٹ ورک میں چھوٹی چھوٹی غلطیوں کے نتیجے میں تباہ کن صورت حال پیدا ہونا کوئی نئی بات نہیں۔ 2023 میں ایف اے اے کی جانب سے ملک بھر میں پروازیں روکنے کا ایک حکم 90 منٹ تک برقرار رہا تھا، جس سے 11 ہزار پروازیں متاثر ہوئی تھیں۔ اس کی وجہ ایک حکومتی ٹھیکے دار کی جانب سے غیر ارادی طور پر فائلوں کا حذف کیا جانا تھا۔حالیہ برسوں کے دوران وفاقی ہوابازی انتظامیہ (FAA) کے فرسودہ مواصلاتی نظام میں کئی مرتبہ خرابیاں پیدا ہو چکی ہیں۔ ان میں فائبر آپٹک کیبلز کا غلطی سے کٹ جانا، فائلوں کا غیر ارادی طور پر حذف ہو جانا اور ایک پرزہ پگھلنے کے باعث شدید کیمیائی بو پیدا ہونا شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ جب تک اس نظام کو مناسب طور پر جدید نہیں بنایا جاتا، اس میں دوبارہ خرابی پیدا ہوتی رہے گی۔کانگریس نے ایف اے اے کو اس کے بری طرح فرسودہ فضائی ٹریفک کنٹرول اور مواصلاتی نظام کو جدید بنانے کے لیے 12.5 ارب ڈالر فراہم کیے ہیں، جب کہ ڈفی نے فضائی ٹریفک کنٹرول اور ہوائی اڈوں کے لیے مزید 50 ارب ڈالر مختص کرنے کی درخواست کی ہے۔ایف اے اے نے ابھی گزشتہ ہفتے ہی اعلان کیا تھا کہ وہ 2028 کے اختتام تک 400 سے زائد فضائی ٹریفک کنٹرول مراکز میں موسم اور دیگر اہم معلومات کے لیے استعمال ہونے والی فرسودہ فلاپی ڈسکوں کو تبدیل کر دے گی۔ ادارہ ایک ایسے مواصلاتی نظام پر انحصار کر رہا ہے جسے وہ تیزی سے تبدیل کرنے کی کوشش میں ہے۔ اس کے علاوہ ادارہ کئی دہائیاں پرانے کمپیک کمپیوٹرز اور ای بے سے خریدے گئے متبادل پرزوں کے ذریعے بھی اپنا کام چلا رہا ہے۔