تہران (6 اکتوبر 2026): ایرانی وزارت دفاع نے واضح کیا ہے کہ ایران کا دوست ممالک روس اور چین کے ساتھ دفاعی تعاون رکا اور نہ ہی کم ہوا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی وزارت دفاع کے ترجمان نے نیوز کانفرنس کے دوران چین کے ساتھ ایران کے اسٹریٹجک تعاون بشمول دفاعی ٹیکنالوجی کی منتقلی، مشترکہ پیداوار اور آپریشنل صلاحیتوں کی ترقی کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایران، روس اور چین کے درمیان اسٹریٹجک تعاون اور ہم آہنگی کی ایک طویل تاریخ ہے۔ترجمان نے کہا کہ ایران اور روس اور ایران اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں فعال تعلقات کو ہمیشہ ملک کی حمایت حاصل رہی ہے، یہ تعاون دفاعی شعبے میں بھی طے شدہ پروگراموں کے مطابق اور تمام فریقین کی حمایت سے جاری رہا۔یہ بھی پڑھیں: نئی غلطی پر ایران کا حیرت انگیز جواب ہوگا: محسن رضائی نے خبردار کر دیا’گزشتہ کئی سالوں کے دوران ایران اور مختلف ممالک بشمول روس اور چین کے درمیان تعاون بعض پیشرفتوں کے باوجود نہ رکا ہے اور نہ ہی کم ہوا ہے۔ اس کے بجائے بعض شعبوں میں مشاورت اور دفاعی سفارت کاری مضبوط ہوتی رہی ہے۔‘ان کا کہنا تھا کہ ایران اور روس اور ایران اور چین کے درمیان باہمی مشاورت، سیاسی اور دفاعی دونوں شعبوں میں ایجنڈے پر موجود ہے، ایگزیکٹو سطح پر بھی فی الحال ایجنڈے میں شامل امور پر فعال مشاورت جاری ہے۔