امریکا میں بیماری کی نئی شکل، بچے خسرے کے ساتھ پیدا ہونے لگے

Wait 5 sec.

جارجیا: امریکی نومولود بچوں میں پیدائشی خسرے کے کیسز سامنے آنے لگے ہیں جس پر ڈاکٹروں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔کئی دہائیوں بعد امریکی ڈاکٹرز نے پہلی بار ایسے بچوں کی پیدائش پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں جو پیدائش کے ساتھ ہی خسرے کے وائرس سے متاثر ہوتے ہیں۔پیدائشی خسرہ (Congenital Measles) اس وقت ہوتا ہے جب کوئی حاملہ خاتون رحمِ مادر میں موجود اپنے بچے کو خسرے کا وائرس منتقل کر دیتی ہے۔ اس کے نتیجے میں نومولود بچوں کو سنگین طبی پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور بعض صورتوں میں یہ مرض جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے۔طبی جریدے ’’این ای جے ایم ایویڈنس‘‘ میں پیر کو شائع ہونے والے ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق، 2025 کے آغاز سے رواں سال ستمبر کے اختتام تک امریکا میں خسرے کی بڑی وباؤں کے دوران پیدائشی خسرے کے 13 کیسز رپورٹ ہوئے۔ یہ کیسز امریکی مرکز برائے انسداد و تدارک امراض (سی ڈی سی) کو رپورٹ کیے گئے۔اس بیماری کے دوبارہ سامنے آنے کی بنیادی وجہ ویکسین لگوانے کی شرح میں کمی ہے، جس کے باعث خسرے کے وائرس کو پھیلنے کا موقع ملا ہے۔ اس صورتِ حال کے نتیجے میں توقع ہے کہ پین امریکن ہیلتھ آرگنائزیشن منگل کو باضابطہ طور پر اعلان کرے گی کہ امریکا خسرے سے پاک ملک کی حیثیت کھو چکا ہے، جو اسے 2000 سے حاصل تھی۔امریکی مرکز برائے انسداد و تدارک امراض کے مطابق، گزشتہ دو برسوں کے دوران امریکا میں خسرے کے 7,500 سے زیادہ کیسز سامنے آ چکے ہیں۔امریکن اکیڈمی آف پیڈیاٹرکس کی متعدی امراض کمیٹی کے رکن ڈاکٹر ایڈم ریٹنر نے کہا ’’اب ہم خسرے کی ایسی شرح دیکھ رہے ہیں جو گزشتہ 30 برسوں میں نہیں دیکھی گئی۔ جب آپ خسرے پر قابو پا لیتے ہیں تو پیدائشی خسرے کے کیسز سامنے نہیں آتے۔‘‘رپورٹ کے مطابق حمل کے دوران خسرے کے انفیکشن کے 112 مصدقہ کیسز بھی سامنے آئے۔ ان میں تقریباً تمام خواتین ایسی تھیں جنھوں نے پہلے خسرے کی ویکسین نہیں لگوائی تھی یا جن کی ویکسینیشن کی حیثیت معلوم نہیں تھی۔رپورٹ میں کہا گیا کہ حمل سے پہلے ویکسین لگوانا اور آبادی میں ویکسینیشن کی بلند شرح برقرار رکھنا خسرے اور اس سے وابستہ پیچیدگیوں کی روک تھام کے لیے ضروری ہے۔ یہ انتباہی رپورٹ امریکی مرکز برائے انسداد و تدارک امراض کے سائنس دانوں نے مرتب کی۔امریکن اکیڈمی آف پیڈیاٹرکس کی جانب سے پیدائشی خسرے سے متعلق طبی رہنمائی پہلے ہی ڈاکٹروں تک پہنچائی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ ریاست پنسلوینیا کے محکمہ صحت نے گزشتہ ماہ ریاست میں طبی عملے، اسکولوں، بچوں کی نگہداشت کے مراکز اور دیگر متعلقہ اداروں کے لیے ایک ہدایت نامہ جاری کیا۔ پنسلوینیا اس وقت امریکا میں خسرے کی سب سے بڑی وبا سے متاثرہ ریاست ہے۔نئی صورتِ حال، پیدائشی خسرے کے لیے حالات پیداانسان خسرے کا انفیکشن ہونے یا اس کی ویکسین لگوانے سے اس بیماری کے خلاف مدافعت حاصل کر لیتا ہے۔ ویکسین کی تیاری سے پہلے بڑی تعداد میں لوگ بچپن ہی میں اس انتہائی متعدی وائرس کا شکار ہو جاتے تھے۔ بعد ازاں ویکسینیشن کی بلند شرح نے پوری آبادی کو تحفظ فراہم کیا۔تاہم اب ایک نئی اور تاریخی صورتِ حال نے جنم لیا ہے، جس کے پس منظر میں ویکسین کی کامیابی کے ساتھ ساتھ حالیہ برسوں میں اس کے بارے میں بڑھتے ہوئے شکوک و شبہات بھی شامل ہیں۔ اس صورتِ حال نے پیدائشی خسرے کے کیسز سامنے آنے کی راہ ہموار کی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا میں بچے پیدا کرنے کی عمر کی ایسی خواتین کی تعداد بہت زیادہ ہے جنھوں نے گزشتہ 25 برسوں کے دوران ویکسین نہیں لگوائی، اور نہ ہی کبھی خسرے کے وائرس کا سامنا کیا، کیوں کہ ہم گزشتہ پچیس برسوں سے اس وائرس کو پھیلنے سے روکے ہوئے تھے۔ اب خواتین کا یہ گروہ خسرے کے انفیکشن کا شکار ہونے کے لیے انتہائی حساس ہے۔ایم ایم آر ویکسینڈاکٹروں کے مطابق، اس بیماری سے بچاؤ کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ خواتین حمل ٹھہرنے سے پہلے خسرہ، ممپس اور روبیلا کی مشترکہ ویکسین لگوائیں، جسے ایم ایم آر ویکسین کہا جاتا ہے۔ اس سے رحمِ مادر میں موجود بچے کو بھی تحفظ ملتا ہے، کیوں کہ ماں کے جسم میں بننے والی اینٹی باڈیز نال کے ذریعے بچے میں منتقل ہو جاتی ہیں۔ یہ تحفظ پیدائش کے بعد بھی چند ماہ تک برقرار رہ سکتا ہے۔واضح رہے کہ حمل کے دوران ایم ایم آر ویکسین نہیں لگائی جا سکتی۔ ایسی خواتین جنھوں نے ویکسین نہیں لگوائی، پہلے کبھی خسرے کا شکار بھی نہیں ہوئیں اور حمل کے دوران وائرس سے متاثر ہو جائیں، انھیں انفیکشن اور اس کی پیچیدگیوں کا خطرہ کم کرنے کے لیے وائرس سے بچاؤ والی اینٹی باڈیز پر مشتمل محلول دیا جا سکتا ہے۔ تاہم یہ علاج وائرس سے متاثر ہونے کے 6 دن کے اندر فراہم کرنا ضروری ہے۔پیدائشی خسرہ شدید نقصان پہنچا سکتا ہےاگر کوئی خاتون حمل کے آخری عرصے میں خسرے کا شکار ہو جائے تو اس بات کا خاصا امکان ہوتا ہے کہ وہ وائرس اپنے بچے کو بھی منتقل کر دے گی۔ امریکن اکیڈمی آف پیڈیاٹرکس کے مطابق، اندازہ ہے کہ ایسی خواتین کے ہاں پیدا ہونے والے 25 سے 30 فی صد بچے بھی خسرے سے متاثر ہو سکتے ہیں جنھیں زچگی سے کچھ ہی عرصہ پہلے یہ انفیکشن ہوا ہو۔کسی بچے کو پیدائشی خسرے کا مریض اس وقت قرار دیا جاتا ہے جب وہ رحمِ مادر میں وائرس سے متاثر ہوا ہو اور پیدائش کے فوراً بعد ڈاکٹروں کو اس میں خسرے کے شواہد مل جائیں۔اس کی عام علامات میں بخار، یرقان اور جلد پر خسرے کے مخصوص دانے یا سرخ دھبے نمودار ہونا شامل ہیں۔ اس کی سنگین پیچیدگیوں میں نمونیا، دماغی سوزش (اینسیفلائٹس) اور ایک نایاب بیماری سب ایکیوٹ اسکلیرونگ پین اینسیفلائٹس شامل ہیں۔ یہ دماغی بیماری عموماً خسرے کے انفیکشن کے کئی سال بعد ظاہر ہوتی ہے اور تقریباً ہمیشہ جان لیوا ثابت ہوتی ہے۔ڈاکٹروں کو خدشہ ہے کہ اگر ویکسینیشن کی شرح میں مزید کمی ہوئی تو صورتِ حال زیادہ خراب ہو سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق، اگر کسی آبادی میں ایم ایم آر ویکسین لگوانے کی شرح 95 فی صد ہو تو وہاں خسرے کی وبا پھیلنے کا امکان کم ہو جاتا ہے، لیکن بہت سی آبادیوں میں یہ شرح اس حد سے نیچے آ چکی ہے۔امریکی مرکز برائے انسداد و تدارک امراض کے مطابق، 2025-26 کے تعلیمی سال میں امریکا کے 92.4 فی صد کنڈرگارٹن (ابتدائی جماعتوں) کے بچوں کو لازمی ایم ایم آر ویکسین لگائی گئی۔اس صورتِ حال سے بہت سے ایسے افراد بھی خطرے کی زد میں آ گئے ہیں جنہیں انفیکشن کا زیادہ خطرہ ہے، جن میں وہ شیر خوار بچے بھی شامل ہیں جن کی عمر ابھی ویکسین لگوانے کے لیے کم ہے۔ معمول کے مطابق ایم ایم آر ویکسین کی پہلی خوراک 12 سے 15 ماہ کی عمر میں دی جاتی ہے، تاہم خسرے کی وبا سے متاثرہ علاقوں میں بعض بچوں کو کم از کم چھ ماہ کی عمر میں بھی یہ ویکسین دی جا سکتی ہے۔