رنگ گورا کرنے والی کریم کے استعمال سے نوعمر لڑکی گردوں کی بیماری میں مبتلا

Wait 5 sec.

کیرالہ: بھارت کے کیرالہ میں سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی جانب سے تشہیر کی گئی رنگ گورا کرنے والی فیئرنس کریم کے استعمال کے بعد 17 سالہ نوعمر لڑکی گردوں کی ایک خطرناک بیماری میں مبتلا ہو گئی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق طبی اور لیبارٹری رپورٹس سے پتہ چلتا ہے کہ زیرِ استعمال کریم میں پارے (مرکری) کی انتہائی خطرناک مقدار موجود تھی۔رپورٹس کے مطابق نوعمر لڑکی کے اہل خانہ نے متعلقہ کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔متاثرہ لڑکی میں (Membranous Nephropathy) نامی گردوں کی سنگین بیماری کی تشخیص ہوئی ہے، جس کا بروقت علاج نہ کیا جائے تو مزید پیچیدگیوں کا خدشہ ہے۔رپورٹ کے مطابق لڑکی کی طبیعت بتدریج خراب ہوئی، اسے بلڈ پریشر میں اچانک کمی، ٹانگوں میں سوجن اور بے ہوشی کے دورے پڑنے لگے، جس کے بعد چلنے پھرنے اور سیڑھیاں چڑھنے میں دشواری پیش آئی اور اسے اسپتال داخل کرانا پڑا۔ڈاکٹر کے مطابق لڑکی کے خون اور جسم میں پارے کی سطح انتہائی بلند پائی گئی۔ ڈاکٹر نے واضح کیا کہ پارہ گردوں کے فلٹر کرنے والے نظام کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے اور اس کیس میں کریم کے اجزا اور لڑکی کی بگڑتی ہوئی حالت کے درمیان براہِ راست تعلق نظر آتا ہے۔لڑکی کے مطابق صحت خراب ہونے پر اس نے کمپنی سے رابطہ کیا تھا، ابتدا میں اعلیٰ حکام کو آگاہ کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی، تاہم بعد ازاں پیغامات کا جواب دینا بند کر دیا گیا۔اہل خانہ اب کنزیومر کورٹ میں کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی کی تیاری کر رہے ہیں اور قانونی عمل کے پیشِ نظر فی الحال کریم کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔