سپریم کورٹ نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے مبینہ یکطرفہ فیصلوں پر سوال اٹھانے والی درخواستوں پر سماعت ملتوی کر دی ہے۔ اب سماعت 9 دسمبر کو ہوگی۔ وکیل کپل سبل نے عدالت سے درخواست کی کہ اپوزیشن لیڈروں کی طرف سے کل داخل کی گئی درخواست پر نوٹس جاری کیا جائے، لیکن عدالت نےاس سے انکار کر دیا۔عدالت نے کہا کہ نوٹس پر سماعت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔ کل یعنی پیر کو دائر درخواست میں راہل گاندھی اور اپوزیشن لیڈروں نے الیکشن کمیشن سے 48 سوالات پوچھنے کی اجازت مانگی تھی۔ سوال یہ ہے کہ کیا الیکشن کمیشن واقعی ایک اجتماعی ادارے کے طور پر ایس آئی آر سے متعلق فیصلے کرتا ہے یا چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے دیگر الیکشن کمشنروں کے علم کے بغیر کمیشن کے اختیارات کا استعمال کیا۔درخواست گزاروں نے آن لائن فارم 6 میں کی گئی تبدیلیوں اورای سی آئی نیٹ ، ای آر او نیٹ ووٹر لسٹ ڈیٹا بیس کے کام کرنے پر بھی سوال اٹھایا۔ سپریم کورٹ سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ڈپٹی الیکشن کمشنر بھانو پرکاش یترو، چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار، الیکشن کمشنر سکھبیر سنگھ سندھو اور وویک جوشی اور الیکشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حلف ناموں کے ذریعہ سوالات کے جوابات دینے کی ہدایت کرے۔معاملے میں راہل کے ساتھ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور سوگتا رائے، اکھلیش یادو، تیجسوی یادو، سنجے راوت، ایم اے بیبی، ڈی راجہ، مہوا ماجھی، سپریا سولے، ای ٹی محمد بشیر، تھول تھرومالاوان، اور سجات احمد کچلو شامل ہیں۔اس سے پہلے 15 اکتوبر کو چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ نے الیکشن کمیشن اور اس کے چیف گیانش کمار کو راہل گاندھی اور دیگر کی طرف سے دائر درخواستوں کا جواب دینے کی ہدایت دی تھی۔ درخواست میں ووٹروں کی فہرست سے بڑے پیمانے پر ناموں کو حذف کرنے اور ایس آئی آر کے عمل میں بے قاعدگیوں کا الزام لگایا گیا ہے۔