چِپ سے متعلق امریکی پابندیوں پر چین کا بڑا اعلان

Wait 5 sec.

چین نے امریکی چِپ پر پابندیوں کے ممکنہ اقدام پر جوابی کارروائی کا اعلان کر دیا۔چینی وزارت تجارت کے مطابق امریکا کے چِپس تک رسائی محدود کرنے کے نئے ضابطے کی سخت مخالفت کرتے ہیں، امریکا نے نئے ضابطے پر عمل درآمد کیا تو جوابی اقدامات کیےجائیں گے۔وزارت تجارت نے زور دیا کہ امریکا اختلافات کے حل کے لیے مشاورت اور تعاون کا راستہ اپنائے، امریکا اور چین کو اختلافات مذاکرات اور تعاون کے ذریعے حل کرنے چاہئیں۔امریکا نے چین اور دیگر ممالک کے لیے اے آئی چپس کی برآمد پر پابندیاں مزید سخت کر دیں، بیرونِ ملک ڈیٹا سینٹرز کے ذریعے رسائی کی گنجائش بھی ختم کرنے کا اقدام کیا گیا ہے، نئے ضوابط کے تحت چینی کمپنیوں کی بیرونِ ملک قائم ڈیٹا سینٹرز میں نصب جدید امریکی چپس تک ریموٹ رسائی محدود کر دی جائے گی، جن میں جنوب مشرقی ایشیا کے ڈیٹا سینٹرز بھی شامل ہیں۔چینی میڈیا کے مطابق امریکی اقدام کا مقصد ایک ایسی بڑی قانونی و انتظامی خامی (لوپ ہول) کو بند کرنا ہے جس کے باعث چینی ڈیولپرز طویل عرصے سے ایسی کمپیوٹنگ طاقت تک رسائی حاصل کر رہے تھے جس پر امریکی برآمدی پابندیوں کے تحت قدغن عائد ہے۔اس اقدام کا مقصد چین اور دیگر ممالک کی کمپنیوں کو اے آئی سہولتوں کی فراہمی محدود کیا جانا ہے، اور اب اے آئی چپس اور سرورز کی منتقلی کے لیے امریکی لائسنس لازمی ہوگا۔روئٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق چین کے ادارے امریکی مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے سرکردہ ماڈلز سے حاصل ہونے والے نتائج کو استعمال کرتے ہوئے اپنے مقامی اے آئی ماڈلز کو تربیت دینے کے زیادہ جدید طریقے اپنانے لگے ہیں۔دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ چین اپنی اے آئی حکمتِ عملی کو وسعت دینے اور چپس تک رسائی پر امریکا کی سخت ہوتی پابندیوں کے اثرات کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔روئٹرز کی جانب سے چین کے 300 سے زیادہ علمی تحقیقی مقالوں، پیٹنٹس، کمپنیوں کے انکشافات، بھرتیوں کے اشتہارات اور سرکاری دستاویزات کے جائزے سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ طریقۂ کار، جسے ڈسٹلیشن کہا جاتا ہے، اب محض علمی تجربات تک محدود نہیں رہا بلکہ چین میں صنعتی سطح پر بھی بڑے پیمانے پر استعمال ہونے لگا ہے۔