ایران کے ساتھ امریکی جنگ کی لاگت 48.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے جو کہ اڈوں کی تباہی اور دیگر دفاعی تنصیبات سے علیحدہ ہیں۔پینٹاگون کے ایک عہدیدار نے قانون سازوں کو بتایا کہ فروری میں تنازعہ شروع ہونے کے بعد سے ایران کے خلاف امریکی فوجی مہم پر تقریباً 48.3 ارب ڈالر لاگت آئی ہے۔انہوں نے تسلیم کیا کہ اس رقم میں ایرانی حملوں سے تباہ ہونے والی امریکی فوجی تنصیبات کی مرمت پر اٹھنے والے ممکنہ اربوں ڈالر کے اخراجات شامل نہیں ہیں۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نیوی کے اسسٹنٹ سیکرٹری برائے مالیاتی انتظام اور کنٹرولر کے عہدے کے لیے نامزد کردہ آرتھر ملر نے سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے سامنے اپنی توثیقی سماعت کے دوران یہ تازہ ترین تخمینہ پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اعداد و شمار 13 نومبر تک کے اخراجات کی عکاسی کرتے ہیں۔ملر نے کمیٹی کو بتایا، "اس رقم میں گولہ بارود، سازوسامان کی تبدیلی کے اخراجات اور آپریشنل اخراجات شامل ہیں تاہم اس تخمینے میں مشرق وسطیٰ میں ان امریکی فوجی تنصیبات کی مرمت کے اخراجات شامل نہیں ہیں جو ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کے دوران تباہ یا متاثر ہوئی تھیں۔کنیکٹیکٹ سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹ سینیٹر رچرڈ بلومینتھل کے سوالات کے جواب میں، ملر نے تسلیم کیا کہ مرمت کے اخراجات اس میں شامل نہیں ہیں اور کہا کہ ان کے پاس ان اضافی اخراجات کا کوئی تخمینہ موجود نہیں ہے۔سینیٹر بلومینتھل نے پینٹاگون کے نامزد عہدیدار پر زور دیا کہ وہ مکمل مالیاتی تفصیلات فراہم کریں، اور تجویز دی کہ جب تک یہ مطلوبہ معلومات فراہم نہیں کی جاتیں، کمیٹی کو ان کی نامزدگی پر کارروائی ملتوی کر دینی چاہیے۔کمیٹی کے چیئرمین اور مسیسیپی سے تعلق رکھنے والے ریپبلکن سینیٹر راجر وِکر نے بھی ملر سے کہا کہ وہ یہ اعداد و شمار حاصل کریں اور انہیں قانون سازوں کے ساتھ شیئر کریں۔ملر نے کہا کہ وہ یہ درخواست محکمہ دفاع تک پہنچا دیں گے۔