جامعات کے نئے تعلیمی سال 2026-27 کا کیلنڈر جاری

Wait 5 sec.

دبئی: متحدہ عرب امارات کی جامعات کے نئے تعلیمی سال 2026-27 کا کیلنڈر جاری کردیا گیا ، جس میں تعطیلات کے شیڈول کے حوالے سے بتایا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارتِ اعلیٰ تعلیم و سائنسی تحقیق نے 2026-27 کے نئے تعلیمی سال کا کیلنڈر جاری کردیا، جس میں ملک بھر کی سرکاری اور نجی جامعات سمیت اعلیٰ تعلیمی اداروں کے لیے اہم تاریخیں مقرر کردی گئی ہیں۔وزارت نے بتایا کہ نیا تعلیمی سال 31 اگست 2026 سے شروع ہوگا، جبکہ خزاں کا سمسٹر 18 دسمبر 2026 کو اختتام پذیر ہوگا۔طلبہ کو 21 دسمبر 2026 سے یکم جنوری 2027 تک دو ہفتوں کی موسمِ سرما کی تعطیلات دی جائیں گی، جس کے بعد موسمِ بہار کا سمسٹر 4 جنوری 2027 سے شروع ہوگا۔کیلنڈر کے تحت طلبہ کو 5 سے 9 اپریل 2027 تک ایک ہفتے کی موسمِ بہار کی تعطیلات بھی ملیں گی، جبکہ اسپرنگ سمسٹر 14 مئی 2027 کو ختم ہوگا۔اس کے بعد سمر سمسٹر 24 مئی سے 2 جولائی 2027 تک جاری رہے گا اور 2026-27 کا تعلیمی سال باضابطہ طور پر 2 جولائی 2027 کو اختتام پذیر ہوگا۔وزارت کا کہنا ہے کہ یہ یکساں تعلیمی فریم ورک ملک بھر کے سرکاری و نجی اعلیٰ تعلیمی اداروں پر لاگو ہوگا، تاہم مختلف تعلیمی پروگرامز کی ضروریات کے مطابق اداروں کو تعلیمی سال کے آغاز اور اختتام کی تاریخوں میں محدود لچک حاصل ہوگی