نئی دہلی: کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) نے بدھ کو نئی دہلی کے اندرا بھون میں منعقدہ اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ایک قرارداد منظور کی، جس میں نوجوانوں کی صورتحال، پیپر لیک، بے روزگاری، ایودھیا میں رام مندر ٹرسٹ سے متعلق الزامات، چین کے ساتھ سرحدی صورتحال، زرعی و توانائی سلامتی اور ای-20 ایندھن سمیت کئی اہم مسائل پر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔قرارداد میں کہا گیا کہ ملک کی نئی نسل کو مودی حکومت کی جانب سے ہر موڑ پر مایوسی اور دھوکے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ ایک دہائی میں پیپر لیک کے کم از کم 152 معاملے درج ہوئے ہیں۔ قرارداد میں کہا گیا کہ نیٹ امتحان منسوخ ہونے اور دوبارہ امتحان کرائے جانے کے باعث کم از کم 26 طلبہ نے خودکشی کی، جبکہ گزشتہ 5 برسوں میں 90 سے زائد دیگر طلبہ نے بھی ایسے ہی مسائل کے باعث اپنی جان گنوائی۔سی ڈبلیو سی نے قرارداد میں نوجوانوں میں بڑھتی بے روزگاری کو بھی حکومت کی ناکامی قرار دیا۔ اس کے مطابق تعلیم یافتہ نوجوانوں، خصوصاً گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ افراد میں بے روزگاری کی شرح غیر تعلیم یافتہ افراد کے مقابلے میں بھی زیادہ ہے۔قرارداد میں طلبہ تحریکوں کے خلاف سخت کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے خواتین اور بچوں پر حملے، الیکٹرک شاک بیٹن، آنسو گیس اور پیلٹ گن کے استعمال کے الزامات کا بھی ذکر کیا گیا۔ کانگریس نے کہا کہ راہل گاندھی ’چھاتروں کی گونج‘ مہم کے ذریعے نوجوانوں کے مسائل کو مسلسل اٹھا رہے ہیں۔ایودھیا کے معاملے پر منظور شدہ قرارداد میں رام جنم بھومی تیرتھ کشیتر ٹرسٹ سے متعلق چندہ چوری کی رپورٹس پر تشویش ظاہر کی گئی۔ کانگریس نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے 5 فروری 2020 کو پارلیمنٹ میں ٹرسٹ کی تشکیل کا اعلان کیا تھا، اس لیے اب اس معاملے سے خود کو الگ کرنا قابل قبول نہیں ہے۔ قرارداد میں اس معاملے کی سپریم کورٹ کی نگرانی میں آزادانہ تحقیقات اور ٹرسٹ کے تمام کھاتوں، نقد رقم اور قیمتی اشیا کا تفصیلی آڈٹ کرانے کا مطالبہ کیا گیا۔چین کے ساتھ سرحدی صورتحال پر سی ڈبلیو سی نے اروناچل پردیش میں چینی دراندازی کی رپورٹس پر تشویش ظاہر کی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ مقامی حقائق پر مبنی رپورٹس کے مطابق چینی فوجی انڈین فورسز کو بعض اہم پٹرولنگ پوائنٹس تک رسائی سے مؤثر طور پر روک رہے ہیں اور لائن آف ایکچوئل کنٹرول کے ساتھ ہندوستانی شہریوں کے مویشیوں کے چرنے کے علاقوں پر بھی قبضہ کر رہے ہیں۔ کانگریس نے کہا کہ وزیراعظم، وزیر داخلہ اور وزیر دفاع اس معاملے میں خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔قرارداد میں امریکہ کے دباؤ کے سامنے ہندوستان کی زرعی و توانائی سلامتی اور اسٹریٹجک خودمختاری کو قربان کیے جانے پر بھی تشویش ظاہر کی گئی۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی نے ای-20 ایندھن کے باعث کم مائلیج، گاڑیوں کی مطابقت سے متعلق خطرات اور صارفین کے محدود اختیارات کا مسئلہ بھی اٹھایا۔ قرارداد میں ایندھن کے آلودہ ہونے اور گنے و مکئی کو ایندھن کے لیے استعمال کرنے سے ہونے والے ماحولیاتی نقصانات سے متعلق خدشات کا فوری حل تلاش کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔کانگریس ورکنگ کمیٹی نے خواتین کے لیے ایک تہائی ریزرویشن فوری طور پر نافذ کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ قرارداد میں موجودہ لوک سبھا کی مجموعی نشستوں اور ریاستوں کے درمیان ان کی موجودہ تقسیم پر عائد آئینی پابندی کو مزید 25 برس تک بڑھانے اور 2029 کے لوک سبھا انتخابات سے ہی خواتین کے لیے ایک تہائی ریزرویشن نافذ کرنے کا مطالبہ بھی دہرایا گیا۔