انڈونیشیا میں 7.7 شدت کا خوفناک زلزلہ، 20 افراد ہلاک، کئی عمارتیں زمین بوس

Wait 5 sec.

جکارتہ : انڈونیشیا میں 7.7 شدت کے خوفناک زلزلے کے نتیجے میں عمارتیں زمین بوس ہونے سے تباہی پھیل گئی ، اب تک 20 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہیں۔تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا کے ساحلی علاقے میں 7.7 شدت کے شدید زلزلے نے تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 20 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔کم گہرائی میں آنے والے اس زلزلے کے جھٹکے اتنے شدید اور وسیع تھے کہ پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ خوف زدہ ہو کر گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت سات اعشاریہ سات ریکارڈ کی گئی جبکہ مرکز فلوریس جزیرے سے تقریباً 68 کلومیٹر شمال مغرب اور گہرائی 35 کلومیٹر تھی، زلزلے کے بعد کم از کم تین آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے۔زلزلے کے بعد شہر ماؤمیرے میں سونامی کی وارننگ جاری کی گئی تھی، جسے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد تین گھنٹے بعد واپس لے لیا گیا۔حکام نے شہریوں کو ساحل سے دور رہنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔زلزلے کے شدید جھٹکوں کے بعد عمارتیں زمین بوس ہونے سے تباہی پھیل گئی جبکہ شہری انفرااسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ بندرگاہ پر ٹرمینل کا راستہ اچانک زمین بوس ہو گیا، جس کے نتیجے میں کنکریٹ کے تودے مسافروں پر آ گرے اور کئی افراد سمندر میں جاگرے۔زلزلے کے دوران ایک یونیورسٹی کی عمارت شدید لرز اٹھی، جہاں خوفزدہ طلبہ نے جان بچانے کے لیے زمین پر دبک کر پناہ لی جبکہ چھت کی ٹائلیں اور ملبہ نیچے آ گرا۔علاقے میں امدادی ٹیمیں تباہ شدہ عمارتوں میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے سرگرمی سے مصروفِ عمل ہیں۔قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کا کہنا ہے کہ جانی و مالی نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے، تاہم دور افتادہ اور پہاڑی علاقوں میں نقصان کی مکمل نوعیت سامنے آنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔