بہار : بھارتی ریاست بہار کے اشوک دھام مندر میں بجلی کے تارگرنے کے باعث بھگدڑ مچنے سے آٹھ خواتین ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئیں۔تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست بہار کے ضلع لکھی سرائے میں واقع اشوک دھام مندر میں پوجا کے دوران شدید بھگدڑ مچنے سے کم از کم 8 خواتین ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔بھارتی میڈیا اور پولیس حکام نے بتایا کہ یہ حادثہ ہندوؤں کی عبادت کے دوران اس وقت پیش آیا جب مندر کے احاطے میں ایک بجلی کا کھمبا اور تاریں گر گئیں۔تاریں گرنے سے کرنٹ لگنے کے خوف سے شردھالوؤں میں اچانک افراتفری ہوئی اور لوگ اپنی جانیں بچانے کے لیے باہر کی طرف بھاگے، جس کے نتیجے میں شدید بھگدڑ مچ گئی۔سینئر پولیس افسر شوم کمار نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق بجلی کا پول گرنے سے کرنٹ لگنے کی افواہ یا واقعہ بھگدڑ کی وجہ بنا، تاہم حادثے کی اصل وجہ کا تعین تمام حقائق کی تصدیق کے بعد ہی کیا جائے گا۔واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو سٹریچرز کے ذریعے قریبی ہسپتالوں منتقل کیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔واضح رہے کہ بھارت میں مذہبی اجتماعات کے دوران کنٹرول اور نظم و ضبط کے نقائص کی وجہ سے اس نوعیت کے خونی حادثات پہلے بھی پیش آتے رہے ہیں۔