اوٹاوا(17 اگست 2026): انڈیانا خالصتان ریفرنڈم میں سکھوں نے شملہ کو خالصتان کا دارالحکومت قرار دینے کا اعلان کردیا۔امریکا کی ریاست انڈیانا (انڈیاناپولس) میں خالصتان پنجاب آزادی ریفرنڈم کے موقع پر ’سکھ فار جسٹس‘ کے جنرل کونسل گُرپتونت سنگھ پنوّں نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے شملہ کو ’ڈیموکریٹک ریپبلک آف خالصتان‘ کا دارالحکومت قرار دیا ہے اور بھارتی حکومت پر سکھوں کی نسل کشی کا الزام عائد کیا ہے۔ریفرنڈم کے اختتام پر اپنے خطاب میں گُرپتونت سنگھ پنوں نے خالصتان کا نقشہ بھی جاری کیا اور کہا کہ سکھوں کو اپنے مذہب اور خاندان کے دفاع کا مکمل قانونی حق حاصل ہے۔انہوں نے نئی دہلی پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ وہ پنجاب کے خلاف ’تین محاذوں پر جنگ‘ کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔سکھ فار جسٹس کے مطابق اس آزادی ریفرنڈم کے اگلے مرحلے کے تحت آئندہ 18 اکتوبر کو کینیڈا کے صوبے البرٹا میں ووٹنگ کا انعقاد کیا جائے گا۔گُرپتونت سنگھ نے دعویٰ کیا کہ منشیات کے ذریعے پنجاب کے نوجوانوں کو تباہ کیا جا رہا ہے، جبکہ زرعی قرضوں اور مالی مشکلات کے باعث سکھ کسان خودکشیوں پر مجبور ہو رہے ہیں، تقریب میں پنوّن نے ہردیپ سنگھ نجر، تلوِندر سنگھ پرمار اور لکھبیر سنگھ روڈے کی یاد کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔