حیدر آباد میں 11220 کلو ایکسپائرڈ مسالے ضبط، مرچ میں تھی لکڑی کے برادہ کی ملاوٹ!

Wait 5 sec.

حیدرآباد میں ملاوٹ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ملکاجگیری پولیس نے مسالوں کی 2 یونٹس پر چھاپہ ماری کر 11,220 کلو گرام ملاوٹی اور ایکسپائرڈ مسالے ضبط کیے ہیں۔ ان میں لکڑی کے برادے کے ساتھ ملایا گیا لال مرچ پاؤڈر سمیت مختلف مسالے شامل ہیں۔ پولیس نے غذائی اشیا میں ملاوٹ اور غلط برانڈنگ کے الزام میں 2 افراد کو گرفتار بھی کیا ہے۔ جانچ میں سامنے آیا ہے کہ ملزمین لکڑی کے برادے اور فوڈ کلر ملا کر ایکسپائرڈ مسالوں کو نئے پیکٹس میں نئی تاریخ ڈال کر بازار میں بھیج رہے تھے۔ملکاجگیری پولیس کمشنر بی سُمتی نے بتایا کہ ملزمین انتہائی شاطرانہ طریقے سے ملاوٹی مصنوعات تیار کر رہے تھے۔ لال مرچ پاؤڈر میں لکڑی کا برادہ ملایا گیا تھا اور اسے ایک مشہور کمپنی کی مصنوعات جیسا دکھانے کے لیے مصنوعی رنگوں کا استعمال کیا جا رہا تھا۔ ملزمین ایکسپائرڈ ہو چکی پرانی مصنوعات کو نئے پیکٹس میں نئی ایکسپائری تاریخ ڈال کر پیک کرتے تھے۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمین گزشتہ 3 سالوں سے ہلدی، مرچ، دھنیا اور دیگر مسالوں کے پاؤڈر میں ملاوٹ کا یہ دھندا چلا رہے تھے۔ چھاپہ ماری کے دوران مجموعی طور پر 11,220 کلو گرام غذائی مصنوعات اور آلات ضبط کیے گئے۔ اس کارروائی کے بعد افسران نے واضح کیا کہ ناقص اشیا کے ذریعے غذائی معیار کے ساتھ جان بوجھ کر کھلواڑ برداشت نہیں کیا جائے گا۔افسران کا کہنا ہے کہ مسالوں میں ملاوٹ ناقابل برداشت ہے، اور اس طرح کے معاملوں میں ملکاجگیری پولیس ’ایچ-فاسٹ‘ (حیدرآباد-فوڈ ایڈلٹریشن سرویلنس ٹیم) کی طرز پر کام کرے گی۔ حیدرآباد پولیس کی ’ایچ-فاسٹ‘ ٹیم اس سال مارچ سے اب تک 280 ٹن سے زیادہ ملاوٹی غذائی مواد ضبط کر چکی ہے۔ پولیس نے خبردار کیا ہے کہ ایسے معاملات میں ’بی این ایس‘ (بھارت نیائے سنہیتا) کے تحت غیر ارادی قتل کی کوشش جیسی سخت دفعات لگائی جائیں گی۔