آج نظر آئے گی مانسون کی خوفناک شکل! ہمالیہ سے لے کر مرکزی ہندوستان تک شدید بارش کا الرٹ

Wait 5 sec.

ہندوستان کے کئی حصوں میں جمعرات (20 اگست) کو مانسون فعال رہنے والا ہے۔ محکمۂ موسمیات نے شمالی اور وسطی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں شدید سے بہت شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ چھتیس گڑھ، مشرقی مدھیہ پردیش اور مغربی اتر پردیش میں کچھ مقامات پر شدید سے بہت شدید بارش ہو سکتی ہے۔ وہیں، مشرقی اتر پردیش، مغربی مدھیہ پردیش، اتراکھنڈ، ہماچل پردیش، جموں و کشمیر، لداخ اور شمال مشرقی ہندوستان کے کئی حصوں میں بھی شدید بارش کا امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق شمالی جھارکھنڈ اور اس سے متصل جنوب مغربی بہار اور جنوب مشرقی اتر پردیش کے اوپر بنا کم دباؤ کا علاقہ بارش کی اہم وجہ ہے۔یہ نظام 19 اگست کو صبح 11.30 بجے دباؤ سے کمزور ہو کر کم دباؤ کے علاقے میں تبدیل ہو گیا۔ اگلے 24 گھنٹوں میں اس کے جنوب مشرقی اتر پردیش، شمالی چھتیس گڑھ اور شمال مشرقی مدھیہ پردیش سے گزرتے ہوئے مغرب-شمال مغرب کی سمت آگے بڑھنے کا اندازہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی مانسون ٹرف فیروزپور، کرنال اور ہردوئی سے گزرتے ہوئے کم دباؤ والے علاقے تک اور پھر دیگھا سے شمال مشرقی خلیج بنگال تک پھیلی ہوئی ہے۔ ان دونوں موسمی نظاموں کے اثر سے شمالی اور وسطی ہندوستان میں بارش کا سلسلہ تیز رہنے کا امکان ہے۔اتر پردیش موجودہ موسمی نظام سے متاثر اہم ریاستوں میں شامل ہے۔ مغربی اتر پردیش میں 20 اور 22 اگست کو الگ الگ مقامات پر شدید سے بہت شدید بارش ہو سکتی ہے۔ مشرقی اتر پردیش میں 20 اگست اور پھر 22-21 اگست کو شدید بارش کا اندازہ ہے۔ جنوب مشرقی اتر پردیش کے کچھ حصوں میں 20 اگست کو انتہائی شدید بارش کا بھی خدشہ ہے۔ اس دوران 60 کلومیٹر فی گھنٹے تک کی تیز ہوا چل سکتی ہے۔ مشرقی مدھیہ پردیش میں 25 اگست تک اور مغربی مدھیہ پردیش میں 20 سے 23 اگست کے درمیان بارش کا سلسلہ برقرار رہ سکتا ہے۔ چھتیس گڑھ میں بھی 20 اگست کو کچھ مقامات پر شدید سے بہت شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔دہلی-این سی آر میں 20 اگست کو بارش کا دائرہ دیگر متاثرہ ریاستوں کے مقابلے میں محدود رہ سکتا ہے، لیکن آسمان پر بادل چھائے رہنے اور کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات نے دہلی، ہریانہ اور چندی گڑھ میں کچھ مقامات پر بارش کا اندازہ ظاہر کیا ہے۔ اس دوران 50-40 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 34 ڈگری اور کم سے کم درجۂ حرارت 28 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہ سکتا ہے۔اتراکھنڈ کے کئی اضلاع میں 20 اگست کو شدید بارش اور گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی کی وارننگ ہے۔ نینی تال، ہری دوار، رشی کیش، باگیشور، الموڑہ، پتھورا گڑھ اور رودر پریاگ سمیت کئی علاقوں میں 55 کلومیٹر فی گھنٹے تک کی تیز ہوا چل سکتی ہے۔ دہرادون میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 29 اور کم سے کم 24 ڈگری سیلسیس رہنے کا اندازہ ہے۔ ہماچل پردیش میں بھی 20 اگست کو بارش اور آندھی، گرج چمک کی صورت حال بن سکتی ہے۔ منڈی، شملہ، سولن، اونا، بلاسپور، چمبا، کنور، ہمیرپور اور کانگڑا میں 50-60 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ منالی میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 16 اور کم سے کم 11 ڈگری سیلسیس رہ سکتا ہے۔جموں و کشمیر کے بارہمولہ، اننت ناگ، ریاسی، گاندربل، کپواڑہ، کشتواڑ، شوپیاں، پونچھ، رام بن اور بانڈی پورہ میں شدید بارش اور گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی کا الرٹ ہے۔ یہاں بھی 55 کلومیٹر فی گھنٹے تک کی تیز ہوا چل سکتی ہے۔ شمال مشرقی ہندوستان میں اروناچل پردیش، آسام اور میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں الگ الگ مقامات پر شدید بارش ہونے کا اندازہ ہے۔ وہیں، کونکن اور گوا میں 25 اگست تک وسیع پیمانے پر بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ ساحلی کرناٹک میں بھی وسیع پیمانے پر اور شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔