15 اگست پر لال قلعہ سے پی ایم مودی کے خطاب کا سبھی کو انتظار، ’منٹ ٹو منٹ پروگرام‘ آیا سامنے

Wait 5 sec.

ہندوستان کے قومی تہوار 15 اگست کو لال قلعہ کی فصیل سے وزیر اعظم نریندر مودی ملک سے خطاب کریں گے۔ سبھی کو اس خطاب کا انتظار ہے، کیونکہ عوام و خواص سننا چاہتے ہیں اس بار ان کی تقریر میں کیا کچھ نیا ہے۔ یومِ آزادی کی تقریب کے لیے سیکورٹی سے لے کر وزیر اعظم کی آمد اور پرچم کشائی تک کا پورا پروگرام طے ہو چکا ہے۔ آئیے جانتے ہیں ’منٹ ٹو منٹ‘ اس تقریب کا مکمل شیڈول کیا ہے۔صبح 6:50 بجے لال قلعہ پر گارڈ آف آنر اپنی جگہ سنبھالے گا۔ 6:55 بجے دفاعی سکریٹری لال قلعہ پہنچیں گے اور فصیل کے نیچے مقررہ مقام پر جائیں گے۔ 6:56 سے 7 بجے کے درمیان بری فوج کے سربراہ، بحریہ کے سربراہ، فضائیہ کے سربراہ اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف یعنی سی ڈی ایس لال قلعہ پہنچیں گے۔ 7:05 بجے وزیر مملکت برائے دفاع تقریب گاہ پہنچیں گے۔ 7:11 بجے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ لال قلعہ پہنچیں گے۔ 7:18 بجے وزیر اعظم نریندر مودی لال قلعہ کے لاہوری گیٹ پہنچیں گے۔ یہاں وزیر دفاع، وزیر مملکت برائے دفاع اور دفاعی سکریٹری ان کا استقبال کریں گے۔ دفاعی سکریٹری وزیر اعظم کا تعارف دہلی ایریا کے جی او سی سے کرائیں گے۔اس کے بعد وزیر اعظم، جی او سی دہلی ایریا کے ساتھ گارڈ آف آنر کا معائنہ کریں گے۔ معائنے کے بعد وزیر اعظم لفٹ/سیڑھیوں کے راستے لال قلعہ کی فصیل پر پہنچیں گے۔ یہاں وزیر دفاع، وزیر مملکت برائے دفاع، سی ڈی ایس اور تینوں افواج کے سربراہ وزیر اعظم کا استقبال کریں گے۔ صبح 7:30 بجے قومی نغمہ کے ساز کے ساتھ وزیر اعظم قومی پرچم لہرائیں گے۔ اس کے بعد گارڈ قومی سلامی دے گا، بینڈ قومی ترانہ بجائے گا اور 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ اس کے بعد گارڈ آف آنر کا دستہ واپس چلا جائے گا۔اسی دوران ہندوستانی فضائیہ کے ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر فلائی پاسٹ کریں گے اور تقریب میں موجود مہمانوں پر پھولوں کی پتیوں کی بارش کریں گے۔ ہیلی کاپٹروں پر ترنگا اور وندے ماترم کے پرچم بھی دکھائی دیں گے۔ صبح 7:36 بجے وزیر اعظم نریندر مودی لال قلعہ کی فصیل سے ملک سے خطاب کریں گے۔ وزیر اعظم کے خطاب کے بعد قومی نغمہ اور پھر قومی ترانہ ہوگا۔ اس کے بعد غبارے چھوڑے جائیں گے۔ تقریب ختم ہونے کے بعد وزیر اعظم فصیل سے نیچے آئیں گے۔ سیڑھیوں کے پاس وزیر دفاع، وزیر مملکت برائے دفاع، سی ڈی ایس اور تینوں افواج کے سربراہ وزیر اعظم کو رخصت کریں گے۔اس کے بعد وزیر اعظم، دفاعی سکریٹری اور جی او سی دہلی ایریا کے ساتھ لال قلعہ کے نچلے حصے میں پہنچیں گے اور وہاں سے روانہ ہوں گے۔ یعنی 15 اگست کی صبح لال قلعہ پر پرچم کشائی، 21 توپوں کی سلامی، فضائیہ کا فلائی پاسٹ اور وزیر اعظم کا قوم سے خطاب تقریب کے اہم پرکشش لمحات ہوں گے۔