ٹوکیو (14 اگست 2026): جاپان کے صوبہ چیبا میں شدید بارشوں کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہو گئے 24 گھنٹوں میں 360 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپان میں بارش نے ریکارڈ توڑ دیے اور صوبہ چیبا میں 24 گھنٹوں میں 360 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو ایک ماہ کی اوسط بارش سے بھی تین گنا زیادہ ہے۔شدید بارشوں کے نتیجے میں مختلف حادثات میں 4 افراد ہلاک ہو گئے جب کہ نشیبی علاقے زیر آب آنے سے نظام زندگی مفلوج ہو گیا، اور ایک لاکھ افراد کو اپنا گھر بار چھوڑنا پڑا۔شدید بارش کے باعث سڑکیں اور ریلوے ٹریکس زیرِ آب آگئے اور ٹرین سروس معطل ہو گئی۔ 25 ہزار گھرانے بجلی سے محروم ہوگئے۔ریکارڈ بارش کے باعث ٹوکیو میں ایئرپورٹ پر سات ہزار مسافر پھنس گئے اور درجنوں پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے ریکارڈ بارش کے بعد شہر چیبا میں پہلی بار پانچویں درجے کی ہنگامی وارننگ جاری کر دی ہے۔ امدادی کارروائیوں میں مدد کے لیے فوجی اہلکار بھی متاثرہ علاقوں میں تعینات کر دیے گئے ہیں۔