مکہ مکرمہ : مسجد الحرام میں عمرہ زائرین کے لیے ہجوم سے بچنے اور عبادت کو آسان بنانے کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق سعودی حکام نے عمرہ زائرین کو مسجد الحرام میں کم رش کے اوقات میں عبادات اور مناسک کی ادائیگی کی منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کردی۔سعودی جنرل اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا مسجد الحرام میں رش کی صورتحال مختلف اوقات میں تبدیل ہوتی رہتی ہے، اس لیے زائرین پہلے سے مناسب وقت کا انتخاب کریں تاکہ مطاف اور مسعی میں آمدورفت آسانی سے ہوسکے۔اتھارٹی کا کہنا تھا کہ مسجد الحرام میں رات 10 بجے سے صبح 4 بجے تک اور صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک رش نسبتاً کم رہتا ہے، صبح 5 بجے سے 8 بجے تک رش درمیانے درجے کا ہوتا ہے، جبکہ شام 5 بجے سے رات 9 بجے تک مسجد الحرام میں سب سے زیادہ رش رہتا ہے۔اتھارٹی نے زائرین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ رش سے بچنے کے لیے پہلے سے منصوبہ بندی کریں اور مسجد الحرام میں دستیاب ڈیجیٹل سہولیات اور لائیو رش کی صورتحال سے بھی استفادہ کریں۔حکام نے کہا کہ مناسب اوقات میں طواف اور سعی کی منصوبہ بندی سے ہجوم میں کمی، آمدورفت میں آسانی اور زائرین کو مناسک زیادہ سہولت کے ساتھ ادا کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔مزید پڑھیں : یکم ربیع الاول سے پاکستانی زائرین کے لیے نئی پالیسی کا اعلانرپورٹ کے مطابق موجودہ عمرہ سیزن کے ابتدائی ڈیڑھ ماہ میں 9 لاکھ 20 ہزار 500 عمرہ زائرین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، گزشتہ ماہ جاری اعدادوشمار میں عمرہ ویزے پر مملکت آنے والوں کی تعداد میں 22.5 فیصد اضافے کی نشاندہی بھی کی گئی تھی۔زائرین کے بڑھتے ہوئے حجم کے پیش نظر پیشگی منصوبہ بندی صرف سہولت نہیں بلکہ بہتر انتظامِ سفر کا اہم حصہ بنتی جا رہی ہے، اس ہدایت کا بنیادی مقصد عبادت کے دوران ہجوم کو منظم کرنا اور مسجد الحرام میں آمدورفت کو زیادہ رواں رکھنا ہے۔