نئی دہلی: یو جی سی-نیٹ جون 2026 کے امتحان میں سوالیہ پرچوں کی خامیوں کے بعد نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ وزیر تعلیم پرہلاد جوشی نے پیر کو محکمۂ اعلیٰ تعلیم کے سکریٹری، این ٹی اے کے ڈائریکٹر جنرل اور دیگر سینئر حکام کے ساتھ میٹنگ کر کے امتحانی نظام میں کی جانے والی تبدیلیوں کا جائزہ لیا۔وزارت تعلیم کے مطابق این ٹی اے میں 50 سے زائد ملازمین کو ہٹایا جا چکا ہے۔ 24 جولائی کو 47 ملازمین کو برطرف کیا گیا تھا، جبکہ اب مزید 3 افراد کو ہٹائے جانے کے بعد یہ تعداد 50 سے تجاوز کر گئی ہے۔وزارت نے کہا کہ یہ اقدامات این ٹی اے کے مجموعی امتحانی نظام میں اصلاحات کے تحت کیے جا رہے ہیں۔ آج کی میٹنگ میں خاص طور پر حالیہ امتحانی مسائل کے بعد نظام کو زیادہ محفوظ، شفاف اور قابل اعتماد بنانے پر توجہ دی گئی۔ این ٹی اے میں پیشہ ورانہ مہارت بڑھانے کے لیے 10 نئے اہم قیادتی عہدوں کے لیے تقرری کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ ان میں چیف ٹیکنالوجی آفیسر، چیف فنانس آفیسر، چیف انفارمیشن سیکیورٹی آفیسر، جنرل منیجر-ٹیسٹ سیکیورٹی اور جنرل منیجر-آر اینڈ ڈی اینڈ سائیکومیٹرکس جیسے عہدے شامل ہیں۔اس کے علاوہ سائبر سکیورٹی، سائیکومیٹرکس، سوالیہ پرچوں کی تیاری اور دیگر خصوصی شعبوں کے لیے نجی شعبے کے ماہرین کو بھی این ٹی اے کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے۔ وزارت کے مطابق اس کا مقصد امتحانی عمل میں تکنیکی اور موضوعاتی مہارت کو مضبوط کرنا ہے۔یہ اصلاحات ایسے وقت میں کی جا رہی ہیں جب این ٹی اے نے یو جی سی-نیٹ جون 2026 کے تین مضامین کے امتحانات دوبارہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انگلش، کامرس اور سوشیالوجی کے سوالیہ پرچوں میں متعدد خامیاں سامنے آنے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔جائزے میں حقائق سے متعلق غلطیوں، ٹائپوگرافیکل اور ترجمے کی خامیوں کے علاوہ سوالات کے دہرائے جانے کی شکایات بھی سامنے آئی تھیں۔ ان تینوں مضامین کے دوبارہ امتحانات 9 اور 10 ستمبر کو ہوں گے۔ امیدواروں سے ری-ایگزام کے لیے کوئی اضافی فیس نہیں لی جائے گی۔میٹنگ میں وزیر تعلیم پرہلاد جوشی نے این ٹی اے کو امتحانات سے متعلق مقررہ پروٹوکول پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی۔ وزارت کے مطابق خفیہ آپریشنز کے پورے ڈھانچے میں بھی بڑی تبدیلیاں کی جائیں گی۔اس کے تحت امتحانی کام کے لیے الگ اور محفوظ کمروں، بیرونی نیٹ ورک سے منقطع ایئر گیپڈ کمپیوٹر سسٹمز اور امتحانات سے متعلق آلات جمع کرانے کے لیے سخت ڈیوائس ڈپازٹ پروٹوکول نافذ کیے جائیں گے۔ ان اقدامات کو ترجیحی بنیاد پر نافذ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔وزارت نے این ٹی اے کو امتحانی عمل کے ہر مرحلے کا جامع آڈٹ کرانے کی بھی ہدایت دی ہے۔ اس میں سوالیہ پرچوں کی تیاری، ماڈریشن، ترجمہ، کمپوزنگ اور دیگر مراحل شامل ہوں گے۔ این ٹی اے کو آڈٹ کے بعد سامنے آنے والی خامیوں اور انہیں دور کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات کی رپورٹ وزارتِ تعلیم کو پیش کرنا ہوگی۔