امریکا کا مجموعی عوامی قرض پہلی بار 40 ٹریلین ڈالر سے تجاوز کر گیا

Wait 5 sec.

واشنگٹن (20 اگست 2026): ڈونلڈ ٹرمپ اور جو بائیڈن کے ادوار میں امریکی قرض دوگنا ہونے کے بعد مجموعی قومی قرض 40 ٹریلین ڈالر سے تجاوز کر گیا۔روئٹرز کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ نے بدھ کے روز بتایا کہ امریکا کا مجموعی قومی قرض پہلی بار 40.047 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گیا ہے، اور مجموعی قرض 2017 کے بعد سے دگنا ہو چکا ہے۔محکمہ خزانہ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی دو صدارتی مدتوں کے دوران قرض میں 11.6 ٹریلین ڈالر کا اضافہ ہوا، جب کہ سابق صدر جو بائیڈن کی مدت صدارت کے دوران قرض میں 8.4 ٹریلین ڈالر کا اضافہ ہوا۔امریکی محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ قرض پر سود کی ادائیگی، سماجی بہبود کے اخراجات اور قرض پر سود کی ادائیگیاں بڑھ گئی ہیں، جب کہ ٹیکسوں میں کمی کے باعث حکومتی آمدنی میں کمی واقع ہوئی ہے، جس کی وجہ سے ملک میں مالیاتی بحران کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔مجموعی قرض میں عوام کے پاس موجود امریکی ٹریژری سیکیورٹیز کا قرض 32.266 ٹریلین ڈالر، جب کہ حکومتی اداروں کے درمیان موجود قرض 7.782 ٹریلین ڈالر شامل ہے۔مفاہمتی یادداشت کے تحت اب تک کوئی رقم جاری نہیں ہوئی، سربراہ ایران مرکزی بینکامریکی وفاقی حکومت کا قرض گزشتہ ایک دہائی سے بھی کم عرصے میں دوگنا سے زیادہ ہو چکا ہے۔ جنوری 2017 میں جب ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلی بار صدر کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا، اس وقت امریکی قومی قرض 19.95 ٹریلین ڈالر تھا۔ اس اضافے کا تقریباً ایک تہائی حصہ کووڈ 19 کی وبا سے نمٹنے کے لیے لیے گئے قرض پر مشتمل ہے، اس دوران ٹرمپ اورجو بائیڈن دونوں کی حکومتوں نے قرض لیا۔باقی اضافے میں دونوں صدور کی مالیاتی پالیسیوں کے ساتھ ساتھ طویل عرصے سے جاری ٹیکسوں اور سرکاری اخراجات کے درمیان عدم توازن نے اہم کردار ادا کیا۔بجٹ کی نگرانی کرنے والے ادارے کئی ہفتوں سے اس سنگِ میل کے عبور ہونے کی توقع کر رہے تھے اور انھوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر قانون سازوں نے ناقابلِ پائیدار مالیاتی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ٹیکسوں میں اضافہ، سرکاری اخراجات میں کمی یا دونوں اقدامات نہ کیے تو ایک مکمل قرض بحران پیدا ہو سکتا ہے۔’کمیٹی فار رسپانسیبل فیڈرل بجٹ‘ کی صدر مایا میک گینس نے کہا کہ امریکی قرض 39 ٹریلین ڈالر سے 40 ٹریلین ڈالر تک پہنچنے میں 5 ماہ سے بھی کم عرصہ لگا۔ گزشتہ 20 برس سے بھی کم عرصے میں یہ رقم 4 گنا ہو چکی ہے، جب کہ امریکا کو پہلی بار ایک ٹریلین ڈالر کے قرض تک پہنچنے میں 1981 تک کا وقت لگا تھا۔امریکی قرض کے بڑے غیر ملکی خریدار بھی ممکنہ طور پر محتاط ہونا شروع ہو گئے ہیں، گزشتہ ایک سال کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے امریکی ٹریژری سیکیورٹیز کی طلب میں کمی آئی ہے، حالاں کہ غیر ملکی سرمایہ کار تقریباً ایک تہائی امریکی ٹریژری بانڈز رکھتے ہیں۔