دبئی : متحدہ عرب امارات کے صدر کے مشیر نے ملازمت اور رہائشی ویزے منسوخ کرنے کی خبروں کی اصل حقیقت بتاتے ہوئے کہا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں۔تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر کے مشیر ڈاکٹر انور قرقاش نے ملازمت اور رہائشی ویزوں کی منسوخی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دے دیا۔ڈاکٹر انور قرقاش کا کہنا تھا کہ یو اے ای میں ویزوں کی منسوخی اور ایران کو مالی سہولتیں فراہم کیے جانے سے متعلق مختلف دعوے درست نہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر ان حوالے سے گمراہ کن معلومات پھیلائی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات افواہوں کا جواب افواہوں سے دینے کے بجائے عملی اقدامات اور زمینی کامیابیوں کے ذریعے دینے پر یقین رکھتا ہے۔اماراتی مشیر کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں یو اے ای کی توجہ خطے میں پیدا ہونے والے حالات سے نمٹنے اور آئندہ مرحلے کے لیے تیاری پر مرکوز ہے۔یہ وضاحت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب خطے میں جاری کشیدگی کے باعث متحدہ عرب امارات کی ویزا پالیسی اور ایران سے متعلق مختلف دعوے سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہے ہیں۔دوسری جانب اماراتی وزارت خارجہ نے ایران سے متعلق بعض الزامات کو بھی مسترد کرتے ہوئے حملوں کے خاتمے، جنگ بندی کی پاسداری اور آبنائے ہرمز کو مکمل اور غیر مشروط طور پر کھولنے پر زور دیا ہے۔حکام نے مسافروں اور ویزا ہولڈرز کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ معلومات پر اعتماد کرنے کے بجائے ویزا اور سفری معاملات سے متعلق معلومات صرف سرکاری ذرائع سے تصدیق کریں۔