یوپی اسمبلی انتخابات 2027 میں بی جے پی 50 نشستیں بھی نہیں جیت پائے گی: اودھیش پرساد

Wait 5 sec.

لکھنؤ: سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے فیض آباد سے رکن پارلیمنٹ اودھیش پرساد نے دعویٰ کیا ہے کہ 2027 میں ہونے والے اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) 50 نشستیں بھی حاصل نہیں کر پائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی 50 نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوتی ہے تو یہ کسی عجوبے سے کم نہیں ہوگا۔کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کی میٹنگ، عام آدمی پارٹی کے رہنما ستیندر جین کی گرفتاری اور جھارکھنڈ میں طلبہ کی تحریک سمیت مختلف معاملات پر ردعمل دیتے ہوئے اودھیش پرساد نے بی جے پی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔اکھلیش یادو کی جانب سے آئندہ اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے میں نشستوں کی تقسیم سے متعلق کی گئی پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے اودھیش پرساد نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں بی جے پی کے سامنے مشکلات ہی مشکلات ہیں اور اس کی راہ دشوار ہو چکی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ چندہ چوری اور مہنگائی سمیت کئی چیلنجز بی جے پی کے سامنے ہیں، لیکن ان مسائل کے حل کے لیے حکومت کے پاس کوئی واضح منصوبہ نہیں ہے۔ ان کے مطابق ملک کی معیشت مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے اور کسانوں کو کھاد تک دستیاب نہیں ہو رہی۔ایس پی رکن پارلیمنٹ نے بی جے پی کے اتحادی جماعتوں کو بھی نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اتحادی ابھی سے نشستوں کی تقسیم کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ بی جے پی عوام کا اعتماد بھی کھو چکی ہے۔ اودھیش پرساد نے کہا، ’’اگر اتر پردیش اسمبلی انتخابات 2027 میں بی جے پی 50 نشستیں جیتتی ہے تو یہ ایک عجوبہ ہوگا۔‘‘جھارکھنڈ میں کئی امتحانات منسوخ کیے جانے کے معاملے پر بھی اودھیش پرساد نے ردعمل دیا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی حکومت کی جانب سے طلبہ سے بات چیت کے بعد امتحانات سے متعلق سخت اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کے مفادات کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ طلبہ کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید منصوبے اور اقدامات کیے جائیں، تاکہ انہیں کسی بھی طرح کا نقصان نہ اٹھانا پڑے۔ اس سے قبل بھی اودھیش پرساد یوگی حکومت پر حملہ کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ یوگی حکومت کا وقت گزر چکا ہے اور ریاست کے عوام اس سے اکتا چکے ہیں۔ ان کے مطابق عوام کا حکومت پر اعتماد ختم ہو چکا ہے اور لوگوں نے اس سے دوری اختیار کر لی ہے۔اودھیش پرساد نے وزیر اعلیٰ کی جانب سے کی جانے والی مختلف اعلانات کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ان میں حکومت کی بے چینی صاف نظر آتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ان اعلانات میں نہ طاقت ہے، نہ یقین اور نہ ہی اعتماد، جبکہ حکومت کی رخصتی یقینی ہے۔