ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری

Wait 5 sec.

ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کیا گیا ہے۔ ایک شکایت کے معاملے میں کرشن نگر کی تیسری جوڈیشل مجسٹریٹ عدالت نے یہ وارنٹ جاری کیا ہے۔ ندیا ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ اتل وی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مہوا موئترا کے خلاف وارنٹ جاری کیا گیا ہے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ کے مطابق یہ معاملہ ’بھارتیہ ناگرک سُرکشا سنہتا‘ کی دفعہ 227 کے تحت دائر شکایت سے متعلق ہے۔ عدالت نے شکایت کی سماعت کے دوران مہوا موئترا کو کئی بار سمن جاری کیا تھا۔ حالانکہ مقررہ قانونی طریقۂ کار کے تحت سمن جاری ہونے کے باوجود عدالت میں حاضر نہ ہونے پر اب عدالت نے ان کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔مہوا موئترا کا سوشل میڈیا پر ہنگامہ، رات کو سرکٹ ہاؤس خالی کرنے کا حکم!پولیس کے مطابق شکایت کے معاملے میں مہوا موئترا کے خلاف ’بھارتیہ نیائے سنہتا‘ کی کئی دفعات عائد کی گئی ہیں۔ ان میں دفعہ 79: خاتون کی عزت و وقار کی توہین کرنا، دفعہ 196: مختلف گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینا، دفعہ 299: مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے مقصد سے جان بوجھ کر اور بدنیتی پر مبنی اقدامات کرنا، دفعہ 351: مجرمانہ دھمکی اور دفعہ 353(2): عوامی طور پر بدامنی پھیلانے یا امن عامہ کو متاثر کرنے والے بیانات دینا یا ان کی تشہیر کرنا شامل ہیں۔ ندیا ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ اتل وی نے کہا کہ شکایت کے معاملے میں عدالت کی جانب سے مقرر کردہ قانونی طریقۂ کار پر عمل کیا گیا ہے اور اسی کے تحت یہ وارنٹ جاری کیا گیا ہے۔اس سے قبل ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا نے ندیا انتظامیہ پر توہین آمیز رویہ اختیار کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ اس معاملے کو لے کر مہوا موئترا نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کے سامنے ندیا ضلع کے 3 سینئر افسران کے خلاف استحقاق کا نوٹس دائر کیا ہے، جس میں انہوں نے پارلیمانی پروٹوکول کی خلاف ورزی اور ’توہین آمیز رویے‘ کا الزام عائد کیا ہے۔واقعہ 14 اگست کا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے دیر رات ندیا سرکٹ ہاؤس خالی کرنے کے لیے کہے جانے کے بعد تنازعہ اور ٹکراؤ کی صورتحال پیدا ہوئی تھی۔ مہوا موئترا کا کہنا ہے کہ وہ 14 اگست کو شام تقریباً 6 بج کر 15 منٹ پر سرکٹ ہاؤس پہنچی تھیں اور انہیں ان کا معمول کا کمرہ دیا گیا تھا، جہاں چائے اور کھانا پیش کیا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ رات 9 بج کر 47 منٹ پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے انہیں فون کرکے احاطہ خالی کرنے کو کہا اور مبینہ طور پر بتایا کہ ہدایات اوپر سے آئی ہیں۔ اس کے بعد ڈپٹی کلکٹر کا واٹس ایپ پیغام آیا، جس میں 12 اگست کا ایک حکم شامل تھا۔ اس حکم میں دیکھ بھال اور صفائی کے کام کا حوالہ دیا گیا تھا۔