اسلام آباد (21 اگست 2026): پاکستان سمیت 12 مسلم ممالک نے شام کی موجودہ صورتحال پر مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے اسرائیلی حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کے مطابق پاکستان سمیت ترکیہ، سعودی عرب، قطر، فلسطین، انڈونیشیا، اردن، لبنان، ملائیشیا، صومالیہ، موریطانیہ اور اردن نے مشترکہ بیان میں شمال مغربی شام میں ابو الظہور فوجی ائیر بیس پر اسرائیلی فضائی حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ اسرائیلی حملے شام کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سیاسی وحدت کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔مشترکہ بیان کے مطابق اسرائیلی حملے شام کے خلاف انتہائی سنگین اشتعال انگیزی اور کشیدگی میں خطرناک اضافے کے مترادف ہیں، شام کی سرزمین اور بنیادی ڈھانچے کو مسلسل نشانہ بنانے پر گہری تشویش ہے، اسرائیلی کارروائیاں سکیورٹی کی بحالی اور قومی اداروں کی تعمیرِ نو کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مشترکہ بیان مین مطالبہ کیا گیا کہ عالمی برادری شام کے خلاف مسلسل جارحیت کے معاملے پر واضح، مضبوط اور اصولی مؤقف اختیار کرے، 1974 کے جنگ بندی معاہدے کی مکمل پاسداری یقینی بنائی جائے، اسرائیلی افواج شام کے جن علاقوں پر قابض ہیں وہاں سے ان کا انخلا یقینی بنایا جائے۔مزید کہا گیا کہ اسرائیلی افواج کا مقبوضہ علاقوں سے انخلا علاقائی امن و استحکام کے تحفظ کیلیے ضروری ہے، شام کی خودمختاری، آزادی، علاقائی سالمیت اور سیاسی وحدت کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش مسترد کرتے ہیں۔