مہاراشٹرا (5 جولائی 2026): چند گھنٹوں میں 250 ملی میٹر سے زائد بارش نے ممبئی شہر کو ڈبو دیا نظام زندگی مفلوج ہو گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر ممبئی میں طوفانی بارش سے پورا شہر ڈوب کر سوئمنگ پول میں تبدیل ہو گیا اور نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی شہر میں 12 گھنٹوں کے دوران 260 ملی میٹر تک بارش ہوئی جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور اکثر علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی۔موسلا دھار طوفانی بارش کے نتیجے میں گھروں سمیت دکانوں اور مارکیٹوں میں پانی داخل ہو گیا۔ تیز ہواؤں سے درخت اور سائن بورڈ گر گئے، کئی سڑکیں دھنس گئیں جب کہ ٹرینوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی۔بعض پہاڑی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کی بھی اطلاعات ہیں۔ طوفانی بارش کے باعث انتظامیہ اور ریسکیو ادارے حرکت میں آئے اور لوگوں کو متاثرہ علاقوں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔میونسپل کارپوریشن کے مطابق شہر میں سب سے زیادہ بارش وکھرولی ویسٹ کے علاقے میں ریکارڈ کی گئی، جہاں 12 گھنٹوں کے دوران 260 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔اس کے علاوہ پووائی، بھانڈوپ، مالاڈ، کاندیولی، جوگیشوری اور اندھیری میں 210 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی۔ مشرقی مضافات میں 186 جب کہ مغربی مضافات میں 168 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔