(5 جولائی 2026): منگیتر سیاگوئل اور اس کے عاشق چیتن چوہدری کے ہاتھوں مبینہ طور پر قتل ہونے والے مقتول کیتن اگروال کے دادا پوتے کیلیے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے دنیا چھوڑ گئے۔انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق کیتن اگروال کے دادا دیوی چند اگروال 71 برس کی عمر میں چل بسے۔ اہلخانہ نے بتایا کہ 18 جون کو پوتے کی موت کے بعد سے ان کی طبیعت ناساز تھی، اور وہ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے، پوتے کی موت کے جذباتی اثرات نے ان کی صحت پر گہرا اثر ڈالا۔یہ بھی پڑھیں: کیتن اگروال کیس: سیا گوئل کے نازیبا اشارے پر والد کی وضاحتگرتی ہوئی صحت کے باوجود دیوی چند اگروال پوتے کیلیے انصاف مانگنے میں پیش پیش رہے۔ انہوں نے حال ہی میں ایک کینڈل لائٹ مارچ میں حصہ لیا تھا، جہاں انہوں نے فیملی کے قریبی لوگوں پر دھوکہ دہی کا الزام لگایا، اور حکام پر زور دیا کہ وہ کیتن اگروال کی شادی کروانے میں شامل تمام افراد کی مکمل تحقیقات کریں۔انہوں نے دونوں ملزمان سیا گوئل اور چیتن چوہدری کیلیے سخت سزا کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جرم ثابت ہونے پر انہیں سزائے موت ملنی چاہیے۔کیتن اگروال کیس کا پس منظرپولیس کے مطابق، سیا گوئل اور ان کے مبینہ عاشق چیتن چوہدری نے 18 جون 2026 کو پونے کے قریب لوہاگڑھ قلعے پر تاجر کیتن اگروال کو ایک کھائی میں دھکا دے کر قتل کرنے کی سازش کی تھی۔تفتیش کاروں نے بتایا کہ سیا گوئل نے شروع میں دعویٰ کیا تھا کہ کیتن اگروال کا پیر حادثاتی طور پر پھسلا اور وہ گر گئے، جس کے بعد حادثاتی موت کا معاملہ درج کیا گیا تھا۔ تاہم، پوچھ گچھ کے دوران پولیس کو ملزمہ کے بیانات اور رویے میں تضاد ملا، جس کے بعد تفتیش نے ایک الگ رخ اختیار کر لیا۔بعد میں ہونے والی تحقیقات میں ایسے شواہد سامنے آئے جس کے نتیجے میں سیا گوئل اور چیتن چوہدری دونوں کو قتل اور مجرمانہ سازش کے الزامات کے تحت گرفتار کر لیا گیا۔