ایودھیا میں واقع رام مندر عطیات کے غبن کے خلاف شیوسینا (یو بی ٹی) آج ممبئی میں احتجاج کرے گی۔ اس احتجاجی مظاہرے کو شیوسینا (یو بی ٹی) نے ’رام رکشا‘ نام دیا ہے۔ احتجاجی مظاہرے کی سرپرستی پارٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکرے کریں گے۔ شیوسینا (یو بی ٹی) کے راجیہ سبھا رکن سنجے راؤت کے مطابق ایودھیا کے رام مندر میں مبینہ لوٹ اور چوری کے خلاف اتوار کے روز شام میں 4 بجے ممبئی کے دادر میں واقع ہنومان مندر سے احتجاجی مظاہرے کا آغاز کریں گے۔ احتجاجی مظاہرے میں شیوسینا (یو بی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے بھی موجود رہیں گے اور ہزاروں رام بھکتوں کی شرکت متوقع ہے۔رام مندر میں ’چندہ چوری‘ کے لیے ادھو ٹھاکرے نے بی جے پی کو ٹھہرایا ذمہ دار، 5 جولائی کو احتجاجی مظاہرہ کا اعلانیہ احتجاجی مظاہرہ دادر کبوتر خانہ کے قریب ہنومان مندر کے پاس کیا جائے گا۔ جہاں ادھو ٹھاکرے پارٹی کے لیڈران اور شیو سینکوں کے ساتھ ’رام رکشا استوتر‘، ’ہنومان استوتر‘ اور ’ہنومان چالیسہ‘ کا پاٹھ کریں گے۔ اس احتجاجی مظاہرے کا مقصد ایودھیا رام مندر عطیات اور نذرانے کے انتظامات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے لیے جوابدہی کا مطالبہ کرنا ہے۔ گزشتہ روز ادھو ٹھاکرنے نے بی جے پی پر الزام لگایا تھا کہ وہ رام مندر میں بھکتوں کی جانب سے دی گئیں عطیات کے متعلق جوابدہی طے کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ دیے گئے نذرانوں کی لوٹ ہوئی ہے۔ انہوں نے مندر فنڈ کے انتظامات میں شفافیت کا مطالبہ کیا۔ادھو ٹھاکرے نے سیاسی وابستگی سے قطع نظر عوام کو احتجاج میں شامل ہونے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں ہر ہندو کو مدعو کرتا ہوں، جو بھگوان رام کے گھر میں ہو رہی اس چوری کو برداشت نہیں کر سکتا۔ یہ ان تمام لوگوں کے لیے ہے، جنہوں نے ہندوتوا یا بالا صاحب ٹھاکرے کے نظریے کو نہیں چھوڑا ہے۔ ہم رام رکشا استوتر، ہنومان استوتر اور ہنومان چالیسہ کے پاٹھ کے لیے جمع ہوں گے۔‘‘ بی جے پی اور آر ایس ایس کو ہدف تنقید بناتے ہوئے سنجے راؤت نے کہا کہ ’’اس وقت بی جے پی اور آر ایس ایس کے لیڈر گھر بیٹھے تھے، جب ہم سڑکوں پر تھے، یہ ہمارا فرض اور حق ہے کہ ہم ان سے پوچھیں کہ ان چوریوں کے پیچھے کون ہے؟‘‘