آگرہ : بھارت میں سفاک عورت نے اپنے شوہر کو نیند کی گولیاں کھلا کر قتل کیا اور لاش گھر کے باتھ روم میں دفن کردی۔بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر آگرہ میں ایک خاتون پر اپنے شوہر کو نیند کی گولیاں کھلا کر قتل کرنے اور لاش گھر کے باتھ روم کے فرش کے نیچے دفن کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق مقتول کی بیوی نے 45 روز تک شوہر کی گمشدگی کا ڈراما جاری رکھا، تاہم پولیس نے تفتیش کے بعد باتھ روم کا فرش توڑ کر لاش برآمد کرلی۔اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ روبی شرما نے مبینہ طور پر اپنے شوہر سریندر شرما کے کھانے میں 15 سے 20 نیند کی گولیاں ملا دیں، جب وہ گہری نیند میں چلا گیا تو اسے قتل کرنے کے بعد لاش کو گھر کے باتھ روم میں میں کھینچ کر لئ گئی اور دفن کر کے اوپر سے فرش بھی کروا دیا تاکہ کسی کو شک نہ ہو۔پولیس کے مطابق مقتول سریندر شرما تقریباً ڈیڑھ ماہ سے لاپتا تھا۔ 26 مئی کو روبی شرما نے اپنے دیور انیل کے ساتھ مل کر گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی اور مؤقف اختیار کیا کہ اس کا شوہر 18 مئی کو گھر سے نکلا تھا اور واپس نہیں آیا۔ابتدائی دنوں میں روبی شرما خود بھی شوہر کی تلاش میں شامل رہی اور اہلِ محلہ کے سامنے روتی رہی تاکہ کسی کو اس پر شک نہ ہو، تاہم اس کے بیانات میں تضادات سامنے آنے پر پولیس نے اس سے دوبارہ تفتیش کی۔پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش ملزمہ نے مبینہ طور پر اعتراف کیا کہ اس نے شوہر کو قتل کیا، اس نے بتایا کہ شوہر کے ایک خاندانی جھگڑے کے بعد اسے قانونی مشکلات کا خدشہ تھا، جس کے باعث اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔تحقیقات کے مطابق قتل کے بعد لاش کو باتھ روم میں گھسیٹا گیا، جہاں اس وقت کچا فرش تھا۔ بعد ازاں مزدوروں سے وہاں مٹی ڈلوائی گئی اور چند ہی دنوں میں مستری بلا کر اس جگہ پر کنکریٹ کا نیا فرش تعمیر کرا دیا گیا، جس سے کسی کو لاش کی موجودگی کا شبہ نہ ہو سکا۔