لندن : سمندر کے بیچ کھڑی کشتی میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، اس میں سوار چار افراد کو آخری لمحات میں بچا لیا گیا، بڑا حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا۔برطانیہ کے جنوب مغربی ساحل کے قریب سمندر میں ایک کشتی میں اچانک آگ بھڑکنے کے بعد چار افراد کو جان بچانے کے لیے ہنگامی ریسکیو آپریشن کرنا پڑا، بروقت کارروائی کے نتیجے میں تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق تقریباً 60 فٹ لمبی موٹر بوٹ ہفتے کی شام آئلز آف سِلی کے ساحل سے تقریباً 20میل دور سمندر میں موجود تھی کہ شام ساڑھے پانچ بجے اس کے ایک انجن میں دھماکا ہوا، جس کے بعد پوری کشتی آگ کی لپیٹ میں آگئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی رائل نیشنل لائف بوٹ انسٹی ٹیوشن کی لائف بوٹ اور کوسٹ گارڈ کی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔امدادی اہلکاروں نے دیکھا کہ کشتی میں سوار چاروں افراد ہنگامی انخلا کی تیاری کرچکے تھے، چھوٹی امدادی کشتی پانی میں اتار دی گئی تھی اور ضروری سامان بھی تیار رکھا گیا تھا۔ابتدائی طور پر کشتی کے کپتان نے بتایا کہ آگ بجھ چکی ہے اور اس نے کشتی کو سینٹ میریز بندرگاہ تک کھینچنے کی درخواست کی، تاہم ریسکیو حکام نے اسے خطرناک قرار دیتے ہوئے انکار کر دیا۔اس کے باوجود کپتان نے یہ سمجھتے ہوئے کہ آگ صرف ایک انجن کے ٹربو میں خرابی کے باعث لگی تھی، دوسرا انجن اسٹارٹ کرنے کی کوشش کی لیکن انجن چلتے ہی کشتی کے اندر سے دوبارہ گاڑھا سیاہ دھواں اٹھنے لگا، جس پر ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر کشتی خالی کرنے کا حکم دے دیا۔آر این ایل آئی کے مطابق لائف بوٹ کشتی کے ساتھ لگائی گئی اور چند ہی لمحوں میں چاروں افراد کو محفوظ طریقے سے منتقل کرلیا گیا۔متعلقہ حکام نے بتایا کہ خوش قسمتی سے کسی شخص کو جسمانی چوٹ یا دھوئیں سے متاثر ہونے کی شکایت نہیں ہوئی۔ تمام افراد کو بحفاظت سینٹ میریز ہاربر پہنچایا گیا، جہاں سے انہیں ان کے عزیز و اقارب کے گھر روانہ کردیا گیا۔