پنجاب کے سنگرور ضلع کے دڈھبا تھانہ علاقے کے تحت آنے والے بڑروکھا گاؤں سے ایک سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہاں ایک تاریخی گردوارہ صاحب کے اندر نامعلوم بدمعاشوں نے ایک سیوادار کو گولی مار کر شدید زخمی کر دیا۔ پولیس کے مطابق واردات کے وقت سیوادار عجائب سنگھ گردوارہ احاطے کے رہائشی حصے میں سو رہے تھے۔ اسی دوران 4 مشتبہ افراد اندر داخل ہوئے۔ ان میں سے ایک شخص مرکزی دروازے سے اندر آیا، جبکہ 3 دیگر بدمعاش دیوار سے کود کر کے احاطے کے اندر داخل ہوئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بدمعاشوں نے سوئے ہوئے سیوادار عجائب سنگھ کو پکڑ کر یرغمال بنانے کی کوشش کی۔ عجائب سنگھ نے جب خود کو چھڑانے کے لیے شور مچایا تو آواز سن کر قریب ہی موجود دوسرے سیوادار جسونت سنگھ دوڑتے ہوئے باہر آئے۔ بدمعاشوں نے پکڑے جانے کے خوف سے جسونت سنگھ پر فائرنگ کر دی، جس سے گولی لگنے کے سبب وہ شدید زخمی ہو گئے۔ فائرنگ کی اس واردات کو انجام دینے کے بعد تمام حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔ واردات کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں اور پولیس اہلکاروں میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ زخمی جسونت سنگھ کو فوری قریبی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کی تشویش ناک حالت کو دیکھتے ہوئے پٹیالہ کے گورنمنٹ راجندرا اسپتال ریفر کر دیا گیا۔واردات کی ایک سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے، جس میں صاف نظر آرہا ہے کہ کس طرح بدمعاش دیوار جمپ کرکے اندر داخل ہوتے ہیں اور سوئے ہوئے سیوادار کو یرغمال بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ مزاحمت ہونے پر وہ فائرنگ کرکے فرار ہو جاتے ہیں۔ پولیس نے نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف اقدام قتل اور آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر ملزمین کی شناخت کی جا رہی ہے۔ حملہ آوروں کا مقصد کیا تھا اور وہ کس نیت سے گردوارے میں داخل ہوئے تھے، ان تمام پہلوؤں کی گہرائی سے تفتیش کی جا رہی ہے۔