نوزائیدہ بچوں کے لیے مفت سونے کی انگوٹھیوں کا تحفہ، منفرد اسکیم کا آغاز ہو گیا

Wait 5 sec.

تامل ناڈو(29 ستمبر 2026): بھارتی ریاست تامل ناڈو میں سرکاری اسپتالوں میں پیدا ہونے والے بچوں میں مفت سونے کی انگوٹھیوں کی تقسیم کا سلسلہ باضابطہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق رواں سال جون میں اداکار سے سیاست دان بننے والے تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ سی جوزف وجے نے ‘تھائی ممن گولڈ رنگ اسکیم’ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت اب عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔اس اسکیم کے تحت ریاست کے سرکاری اسپتالوں میں جنم لینے والے تمام نومولود بچے ایک گرام وزنی سونے کی انگوٹھی حاصل کرنے کے اہل قرار دیے گئے ہیں۔تامل ناڈو حکومت کا کہنا ہے کہ اس منفرد اسکیم کا بنیادی مقصد سرکاری اسپتالوں میں زچگی کی شرح میں اضافہ کرنا اور ریاست کے طبی اداروں پر عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط کرنا ہے۔دوسری جانب اس فلاحی اسکیم کو تامل ناڈو میں اپوزیشن جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔بی جے پی کی رہنما اور رکن تمیلیسائی سوندار راجن نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نومولود بچوں کو سونے کی انگوٹھی دینے کا اقدام بظاہر خوش آئند معلوم ہو سکتا ہے، تاہم غریب خاندانوں کو روزمرہ کی بنیاد پر بنیادی غذائی ضروریات تک قابلِ اعتماد رسائی فراہم کرنے کی کہیں زیادہ فوری ضرورت ہے۔