کراچی: ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ صومالیہ میں قزاقوں کی قید میں رہنے والے بھارتی کریو ممبر کی رہائی کے لیے بھارت نے کوئی کوشش نہیں کی۔بحری جہاز اونر 25 پر صومالی قزاقوں کی فائرنگ سے بھارتی شہری محمد تنویر الزماں بھی جاں بحق ہوا، لیکن معلوم ہوا ہے کہ بھارت نے اپنے شہری کو بچانے کی کبھی کوشش نہیں کی۔ذرائع کے مطابق بھارتی حکومت نے کریو ممبر تنویر کی لاش کی حوالگی کے حوالے سے بھی کوئی رابطہ نہیں کیا ہے، بھارتی کی لاش بھی بقیہ لاشوں کے ساتھ موجود ہے، بھارتی شہری جہاز پر شیف کی ذمے داریاں انجام دے رہا تھا اور کولکتہ، مغربی بنگال کا رہائشی تھا۔بھارتی کریو ممبر تنویر الزماں کی اہلیہ کی اہم ویڈیو بھی اے آر وائی سامنے لے آیا ہے، اہلیہ نے جہاز کے اغوا کے 35 روز بعد ویڈیو ریکارڈ کرائی، اور انھوں نے پاکستان کے انصار برنی ٹرسٹ سے مدد کی اپیل کی۔بھارتی کریو ممبر کی اہلیہ نے کہا ’’میرے شوہر بھی جہاز پر ہیں اور ہم گھر والے پریشان ہیں، ہم بھارتی حکومت سے رابطے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن نہیں ہو پا رہا، پاکستان کے انصار برنی ٹرسٹ ایسے معاملات کو دیکھتا ہے، ان سے گزارش ہے کہ وہ ہمارے لیے بھی کوشش کریں۔‘‘بھارتی شہری کی اہلیہ نے انصار برنی سے اپنے شوہر کی رہائی کے لیے بھی کوشش کرنے کی اپیل کی، انصار برنی ٹرسٹ کی جانب سے جہاز کے تمام کریو ممبران کے لیے 5 ماہ سے کوششیں جاری تھیں، پاکستان نے انڈین، میانمار، انڈونیشیا اور پاکستانی کریو ممبرز کے لیے کوششیں کی۔