واشنگٹن (30 ستمبر 2026): معروف امریکی اخبار نیویارک یارک ٹائمز کے اعلیٰ عہدیدار کو قتل کر دیا گیا پولیس نے ساس اور سسر کو گرفتار کر لیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیویارک ٹائمز میں گیمز پلیئر ایکسپیرینس شعبے کے ڈائریکٹر آف انجینئرنگ 40 سالہ جوناتھن میک کنزی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا ہے، پولیس نے قتل کے الزام میں مقتول کے 77 سالہ ساس اور سسر کو گرفتار کر لیا ہے۔قتل کی یہ واردات کیلیفورنیا کے شہر ڈبلن کے ایک پارکنگ ایریا میں ہوئی، جہاں مقامی وقت کے مطابق تقریباً سہ پہر 3 بجے فائرنگ کر کے جوناتھن میک کنزی کو موت کے گھاٹ اتارا گیا۔رپورٹ کے مطابق ایک پولیس اہلکار نے معمول کی گشت کے دوران پارکنگ میں ایک شخص کو زخمی حالت میں دیکھا، اسی دوران ایمرجنسی سروس کو بھی فائرنگ کی متعدد اطلاعات موصول ہوئیں۔ریسکیو اہلکار فوری جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمی میک کو بچانے کی کوشش کی، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جائے وقوعہ پر ہی دم توڑ گیا۔عینی شاہدین کی نشاندہی پر پولیس نے چند منٹ بعد دونوں مشتبہ افراد کو جائے وقوع کے قریب سے گرفتار کر لیا، جو کہ مقتول کے ساس اور سسر ہیں۔ ملزمان کو سانتا ریٹا جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔مقتول کے ساس اور سسر، شویونگ ژانگ اور شیلی چن کو اقدامِ قتل سمیت متعدد الزامات کا سامنا ہے۔ ملزمان کے خلاف فرسٹ ڈگری قتل، مجرمانہ سازش، انتہائی غفلت سے اسلحہ چلانے اور بچوں کی جان کو خطرے میں ڈالنے سے متعلق الزامات سامنے آئے ہیں۔پولیس نے قتل کا محرک باضابطہ طور پر ظاہر نہیں کیا، لیکن عدالتی ریکارڈ کے مطابق مقتول اور ان کی اہلیہ کے درمیان طلاق اور بچوں کی تحویل سے متعلق قانونی تنازع جاری تھا، تاہم حکام نے یہ تصدیق نہیں کی کہ فائرنگ کا تعلق اسی تنازع سے تھا۔