ہر انسان کے دل میں ایک پوشیدہ جرأت ہوتی ہے جو ضرورت کے وقت سامنے آ جاتی ہے، بونڈی بیچ واقعے کے ہیرو کا بیان

Wait 5 sec.

سڈنی: بونڈی بیچ پر یہودیوں کے ایک تہوار کے دوران مسلح شخص کو بہادری سے قابو کرنے والے ہیرو نے کہا ہے کہ اس کے زخم اب بھی درد کرتے ہیں۔ آسٹریلیا میں فائرنگ کے اس بدترین واقعے کو تقریباً ایک سال گزر گیا ہے۔پھل فروش احمد الاحمد، جو شام میں پیدا ہوئے اور 2006 میں آسٹریلیا منتقل ہوئے، گزشتہ دسمبر کی ایک اتوار کی دوپہر اپنے کزن کے ساتھ سڈنی کے ساحل پر موجود تھے کہ انھیں فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں۔انھوں نے آگے بڑھ کر مسلح افراد میں سے ایک کو اُس وقت قابو کرنے کی کوشش کی جب وہ مردوں، عورتوں اور بچوں کے ہجوم پر لگاتار گولیاں چلا رہا تھا۔انھوں نے اے ایف پی کو بتایا میں نے جان کے خطرے کے بارے میں بالکل نہیں سوچا، کیوں کہ لوگوں کی جانیں بچانے کے لیے سوچنے کی ضرورت نہیں ہوتی، جب آپ بچوں، عورتوں، بزرگوں، مردوں اور سبھی لوگوں کو مدد کے لیے پکارتے سنتے ہیں۔احمد الاحمد نے کہا ہر انسان کے دل میں ایک پوشیدہ جرأت ہوتی ہے۔ یہ اسی وقت سامنے آتی ہے جب اس کی ضرورت ہو، جب اُسے پکارا جائے۔ میں نے لوگوں کو مدد کے لیے پکارتے سنا، اور میں نے وہی کیا۔یاد رہے کہ 14 دسمبر 2025 کو فائرنگ سے 15 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے، جب یہودی تہوار منانے کے لیے لوگ دنیا بھر میں مشہور اس ساحل پر جمع تھے۔ رواں ماہ ایک معمر خاتون بھی اپنے زخموں سے وابستہ پیچیدگیوں کے باعث چل بسی۔احمد کے اس اقدام کو بہت سے مزید لوگوں کی جانیں بچانے کا سبب قرار دیا گیا ہے۔ ان کی بہادری کا یہ عمل ایک راہ گیر نے ویڈیو میں ریکارڈ کیا تھا، جو بعد میں وائرل ہو گئی۔دو بچوں کے والد احمد کو وزیر اعظم انتھونی البانیزی نے ’’آسٹریلیا کا حقیقی ہیرو‘‘ قرار دیا، جب کہ چندہ جمع کرنے کی ایک مہم کے ذریعے لاکھوں ڈالر جمع ہوئے۔قاتل کے آمنے سامنےمسلح شخص کو قابو کرنے اور اس کے ہاتھوں سے رائفل چھیننے کے دوران احمد نے خود کو قاتل کے بالکل سامنے پایا تھا۔ یہ ایسی یاد ہے جو اب بھی انھیں ’’دن رات، ہر وقت‘‘ ستاتی ہے۔ انھوں نے کہا اس وقت وہ اپنے اندر ایک الوہی طاقت محسوس کر رہا تھا اور سمجھ رہا تھا کہ اسے کوئی چھو بھی نہیں سکتا۔نازک لمحات میں احمد نے بندوق کا رخ حملہ آور کی طرف کر رکھا تھا۔ احمد نے کہا میں نے اس سے کہا: چلے جاؤ، چلے جاؤ، میں گولی نہیں چلانا چاہتا۔ حملہ آور پیچھے ہٹ گیا، جس کے بعد احمد نے ایک درخت کے پیچھے پناہ لی، جہاں ان پر فائرنگ کی گئی۔انھوں نے کہا مجھے محسوس ہونے لگا کہ میرے سارے کپڑے بھیگ رہے ہیں، جیسے کسی نے خون سے بھری بالٹی اٹھا کر مجھ پر انڈیل دی ہو۔ پھر مجھے خیال آنے لگا کہ میں مرنے والا ہوں۔ اوہ میرے خدا، میرے بچے، میرا خاندان، میری بیوی۔ یہ کیا ہوگیا؟جس شخص کو احمد نے قابو کیا تھا، اس کا نام ساجد اکرم تھا۔ وہ موقع پر پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا تھا۔ جب کہ اس کا بیٹا نوید اب بھی حراست میں ہے اور اسے دہشت گردی اور قتل سمیت مجموعی طور پر 78 الزامات کا سامنا ہے۔ اس نے ابھی تک اپنے خلاف الزامات پر کوئی مؤقف پیش نہیں کیا۔واضح رہے کہ اس روز احمد کو لگنے والی 5 گولیوں میں سے 2 اب بھی ان کے جسم میں موجود ہیں۔ وہ اعصابی درد کے لیے اور نیند میں مدد دینے والی ادویات لے رہے ہیں، جب کہ ان کے بائیں ہاتھ کی حرکت اب بھی محدود ہے۔احمد نے اپنی توانائیاں ایک کتاب لکھنے پر مرکوز کر لی تھیں، جس کا نام ’’روشنی جیتے گی‘‘ (Light Will Win) ہے اور جو اسی ماہ شائع ہوئی، انھوں نے کہا ’’میں اب بھی تکلیف میں ہوں۔‘‘وہ تشدد میں پھنسے ہوئے بچوں اور عورتوں کی مدد کے لیے ایک فاؤنڈیشن بھی قائم کر رہے ہیں، جس کا خیال انھیں اپنے مشکل میں گزرے بچپن کو یاد کر کے آیا، جو انھوں نے شام میں ایک پولیس افسر کے بیٹے کے طور پر گزارا تھا۔بونڈی میں فائرنگ کرنے والے دونوں حملہ آوروں کے اقدامات کو ان کے مذہب سے جوڑنا، جیسا کہ بہت سے لوگوں نے کیا ہے، احمد کے لیے ناقابلِ تصور ہے۔ انھوں نے کہا یہ مسلمان نہیں ہے۔ میں مسلمان ہوں، اور میں نے اپنی جان خطرے میں ڈالی۔ میں نے اپنے مذہب میں کبھی یہ نہیں سنا کہ بے گناہ لوگوں کو قتل کیا جائے۔ یہ درست نہیں۔‘‘