عمان کی جانب سے انڈوں کی درآمد پر پابندی، نمکل کی پولٹری صنعت کو شدید نقصان، خصوصی برآمدی زون قرار دینے کا مطالبہ

Wait 5 sec.

نئی دہلی: برڈ فلو کے خدشات کے پیش نظر عمان کی جانب سے تمل ناڈو کے نمکل سے انڈوں کی درآمد پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد وہاں کی پولٹری صنعت شدید مشکلات سے دوچار ہوگئی ہے۔ اس پابندی کے نتیجے میں تقریباً 6 کروڑ انڈے فروخت کے انتظار میں پھنس گئے ہیں۔ صورت حال سے پریشان کسانوں اور تاجروں نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے نمکل کو ’خصوصی انڈا برآمدی زون‘ (اسپیشل ایگ ایکسپورٹ زون) قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔نمکل سے برآمد کیے جانے والے انڈوں کا تقریباً نصف حصہ عمان جاتا ہے، جبکہ ہندوستان کی مجموعی انڈوں کی برآمدات میں اس علاقے کا حصہ 90 فیصد سے زیادہ ہے۔ ایسے میں عمان کی پابندی سے نہ صرف تمل ناڈو کے پولٹری کسانوں اور برآمد کنندگان کو نقصان پہنچا ہے بلکہ عمان کے وہ درآمد کنندگان بھی متاثر ہوئے ہیں جو انڈوں کی فراہمی کے لیے نمکل پر انحصار کرتے ہیں۔نمکل لائیو اسٹاک اینڈ ایگریکلچرل فارمرس اینڈ ٹریڈرس ایسوسی ایشن کے صدر کے مطابق اس علاقے کے پولٹری فارمز سخت حیاتیاتی تحفظ (بایو سکیورٹی) کے ضابطوں پر عمل کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ملک کے کسی دوسرے حصے میں برڈ فلو کے معاملات سامنے آتے ہیں تو اس کی بنیاد پر نمکل سے ہونے والی برآمدات پر پابندی لگانے سے پہلے یہاں کے فارموں میں نافذ حفاظتی اقدامات کو بھی پیش نظر رکھا جانا چاہیے۔ایسوسی ایشن کا مطالبہ ہے کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں نمکل کو الگ سے ’انڈا برآمدی زون‘ کی حیثیت دیں۔ تنظیم کو خدشہ ہے کہ ملک کے کسی دوسرے پولٹری پیداواری علاقے میں بیماری پھیلنے کی صورت میں نمکل کے کسانوں کا کاروبار بھی متاثر ہوسکتا ہے، حالانکہ ان کے اپنے فارم مکمل طور پر محفوظ ہوں۔ تنظیم کے مطابق خصوصی شناخت ملنے سے اس صنعت کو ایسی غیر ضروری رکاوٹوں سے بچانے میں مدد مل سکتی ہے۔نمکل کا پولٹری علاقہ نمکل، سیلم، ایروڈ اور کوئمبٹور تک پھیلا ہوا ہے۔ یہاں ایک ہزار سے زیادہ پولٹری فارم موجود ہیں، جن میں مجموعی طور پر تقریباً 8 کروڑ مرغیاں پالی جاتی ہیں۔ ان فارموں سے روزانہ تقریباً 7 کروڑ انڈے حاصل ہوتے ہیں۔ اس وقت فروخت کے انتظار میں موجود 6 کروڑ انڈے اس پورے علاقے کی تقریباً ایک دن کی پیداوار کے برابر ہیں۔اس علاقے کے پولٹری فارمز تمل ناڈو حکومت کے غذائی پروگراموں کے علاوہ ریاست بھر کی منڈیوں میں بھی انڈوں کی فراہمی کرتے ہیں۔ یہاں سے ہندوستان کی مختلف ریاستوں کو بھی انڈے بھیجے جاتے ہیں۔غیر ملکی منڈیوں میں عمان کے علاوہ سعودی عرب، ایران، عراق، بحرین اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بعض افریقی ممالک کو بھی یہاں سے انڈے برآمد کیے جاتے ہیں۔ تاہم، متعدد بین الاقوامی خریداروں کی موجودگی کے باوجود عمان اکیلا نمکل سے تقریباً اتنے ہی انڈے خریدتا ہے جتنے دیگر تمام غیر ملکی منڈیاں مجموعی طور پر خریدتی ہیں۔روزانہ انڈے جمع کرنے والے کسانوں کے سامنے اب سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ پہلے سے جمع شدہ ذخیرے کو فروخت کرنے کے لیے خریدار کہاں سے تلاش کیے جائیں۔ایسوسی ایشن نے دونوں حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مسئلے کا مستقل حل تلاش کریں اور ایسا نظام وضع کریں جس کے تحت ملک کے کسی دوسرے حصے میں بیماری پھیلنے کی صورت میں بھی نمکل کے محفوظ پولٹری فارمز سے انڈوں کی برآمدات جاری رکھی جاسکیں۔