کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے الزام عائد کیا ہے کہ مہاراشٹر، ہریانہ اور جموں و کشمیر میں 2024 کے انتخابات کے دوران ووٹنگ کے آخری گھنٹے میں ڈالے گئے ووٹوں کا ریکارڈ الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) کے داخلی ریکارڈ میں موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے سے متعلق حالیہ رپورٹس نے ووٹ چوری کے الزامات کو مزید تقویت دی ہے اور اب یہ حقیقت مزید مستحکم ہوتی جا رہی ہے۔جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ اپوزیشن پہلے ہی شام پانچ بجے کے بعد ووٹنگ کے تناسب میں مشتبہ اضافے اور پولنگ کے دن جاری کیے گئے ووٹنگ کے اعداد و شمار اور بعد میں سامنے آنے والے حتمی اعداد و شمار کے درمیان فرق کا معاملہ اٹھا چکی ہے۔انہوں نے ایک تحقیقاتی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ 2024 میں مہاراشٹر، ہریانہ اور جموں و کشمیر کے 200 اسمبلی حلقوں میں شام پانچ بجے کے بعد ووٹ ڈالنے والے ووٹروں سے متعلق الیکشن کمیشن کا داخلی ریکارڈ غائب ہے۔ ان کے مطابق ریٹرننگ افسران کی رپورٹس میں پولنگ کے آخری ایک گھنٹے کے دوران ڈالے گئے ووٹوں کی تعداد درج نہیں ہے۔کانگریس رہنما نے کہا کہ انتخابی عمل میں کسی بھی قسم کی گڑبڑی اور ووٹوں میں ہیرا پھیری روکنے کے لیے ہر دو گھنٹے بعد ڈالے گئے ووٹوں کی تعداد کا حساب لگایا جانا ضروری ہوتا ہے، لیکن مبینہ طور پر ایسا نہیں کیا گیا۔جے رام رمیش نے کہا کہ شام کے آخری اوقات میں ڈالے گئے ووٹ پہلے ہی فرضی ووٹنگ کے شبہات کی زد میں رہے ہیں۔ انہوں نے مہاراشٹر کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں حتمی ووٹنگ کا تناسب شام پانچ بجے تک رپورٹ کیے گئے اعداد و شمار کے مقابلے میں 76 لاکھ ووٹ زیادہ تھا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اتنی بڑی تعداد میں ووٹ اچانک کیسے ڈالے گئے؟انہوں نے مہاراشٹر کے اسمبلی حلقے کوپری-پاچپاخڑی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں کے اعداد و شمار کے مطابق اگر اس اضافی ووٹنگ کو دیکھا جائے تو ہر پولنگ بوتھ پر پورے ایک گھنٹے کے دوران ہر 15 سیکنڈ میں ایک ووٹ ڈالے جانے کی صورت حال بنتی ہے۔جے رام رمیش نے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے ذریعے دونوں رہنماؤں نے ہندوستان کے انتخابی نظام کی ساکھ کو تباہ کر دیا ہے۔Multiple reports this week provide further evidence of Vote Chori, which is now even more of an established fact.The Opposition has previously raised the issue of the suspicious jump in turnout post-5 pm and the discrepancy between turnout reported on polling day and…— Jairam Ramesh (@Jairam_Ramesh) November 22, 2026انہوں نے مطالبہ کیا کہ جمہوریت کے خلاف اس سنگین معاملے کے لیے ذمہ دار افراد کا احتساب ہونا چاہیے۔ جے رام رمیش نے چیف الیکشن کمشنر سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مودی اور شاہ کو ووٹ چوری کے الزامات کا جواب دینا ہوگا۔ واضح رہے کہ یہ تمام الزامات جے رام رمیش کی سوشل میڈیا پوسٹ میں عائد کیے گئے ہیں۔