لندن: کیا اے آئی بریسٹ کینسر کی تشخیص جلد کر سکتی ہے؟ اس بات کو جانچنے کے لیے برطانیہ میں دنیا کے سب سے بڑے ٹرائل کا آغاز ہونے جا رہا ہے، جس میں 7 لاکھ خواتین حصہ لیں گی۔برطانوی میڈیا کے مطابق این ایچ ایس کی جانب سے ملک میں بریسٹ کینسر کی بر وقت تشخیص کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال کا دنیا کا سب سے بڑا ٹرائل شروع کیا جا رہا ہے، جس میں 30 شہروں کی سات لاکھ خواتین حصہ لیں گی۔ٹرائل کے دوران ایک ’’اے آئی ریڈیالوجسٹ‘‘ میموگرامز کا تجزیہ کر کے ایک ریڈیالوجسٹ کی جگہ کام کرے گی اور کینسر کی ابتدائی علامات کی نشان دہی میں مدد دے گی۔رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں 50 سے 71 سال کی خواتین کی ہر 3 سال بعد بریسٹ اسکریننگ ہوتی ہے، سالانہ 20 لاکھ خواتین میموگرام کرواتی ہیں۔ اس ٹرائل میں اے آئی کو ایک ریڈیالوجسٹ کے متبادل کے طور پر آزمایا جائے گا۔اس وقت طبی ماہرین کے سامنے یہ سب سے بڑا سوال کھڑا ہے کہ کیا آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے چھاتی کے کینسر کی جلد تشخیص ممکن ہے؟ اس کے جواب کے حصول کے لیے نیشنل ہیلتھ سروس کے تحت ’بریسٹ امیجنگ‘ کے لیے مصنوعی ذہانت کے دنیا کے سب سے بڑے ٹرائل کا آغاز ہونے جا رہا ہے، جس کے لیے حکومت 13 ملین ڈالر سے زائد کی مالی معاونت فراہم کر رہی ہے۔چھاتی کے سرطان (بریسٹ کینسر) کے علاج کیلیے اہم دوا تیاراس ٹرائل میں اے آئی کے استعمال سے وقت سے قبل بریسٹ کینسر کی تشخیص کی جائے گی، اس وقت برطانیہ میں چھاتی کے سرطان کی اسکریننگ کے لیے 2 ریڈیالوجسٹس کی مدد سے امیجز کا جائزہ لینے کا طریقہ رائج ہے، اور ٹرائل میں ان میں سے اے آئی ایک ریڈیالوجسٹ کا متبادل ہوگا۔پیر کے روز برطانوی طبی جریدے بی ایم جے میں شائع ہونے والے ایک نوٹس کے مطابق اگر یہ ٹرائل کامیاب رہا تو مستقبل میں ان دو ماہرین میں سے ایک کی جگہ مصنوعی ذہانت استعمال کی جا سکتی ہے۔ٹرائل کے لیے خواتین کی بھرتی کا عمل کیمبرج یونیورسٹی ہاسپٹلز میں شروع ہو چکا ہے، جو برطانیہ کے پہلے 30 مراکز کی نمائندگی کرتا ہے۔ آئندہ چند ماہ کے دوران مزید مراکز بھی اس منصوبے میں شامل ہوں گے اور ہزاروں مزید خواتین کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔واضح رہے کہ بریسٹ کینسر کی جلد اسکریننگ کے عمل سے برطانیہ میں ہر سال تقریباً 1300 اموات کی روک تھام میں مدد ملتی ہے۔میموگرام کی جانچمیموگرام کی جانچ میں خاصا وقت لگتا ہے۔ ایک فی صد سے بھی کم معائنے میں سرطان کی علامات سامنے آتی ہیں، جب کہ سرطان کی علامات نہ رکھنے والی تصاویر کا جائزہ لینے میں بھی خاصا وقت صرف ہوتا ہے۔نیشنل ہیلتھ سروس کے مطابق ٹرائل میں استعمال کے لیے اے آئی کے 4 نظاموں کی پہلے ہی سخت جانچ کی جا چکی ہے۔ ادارے نے واضح کیا ہے کہ تمام حتمی طبی فیصلے انسانی ماہرین ہی کریں گے۔یہ ای ڈی آئی ٹی ایچ (EDITH) ٹرائل، جس کا مکمل نام ’’ارلی ڈٹیکشن یوزنگ انفارمیشن ٹیکنالوجی اِن ہیلتھ‘‘ ہے، آئندہ تین سال تک جاری رہے گا۔