’آئی بی ایم‘ نے ایچ-1بی ویزا والے ملازمین کو امریکہ یا ملازمت چھوڑنے کا دیا الٹی میٹم، ہندوستانیوں کی دھڑکنیں تیز

Wait 5 sec.

ٹیکنالوجی کی مشہور کمپنی آئی بی ایم نے اپنے کنسلٹنگ ڈویژن میں بیشتر عہدوں کے لیے ایچ-1 بی ویزا اور گرین کارڈ کی اسپانسرشپ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلہ سے متاثرہ ملازمین کو امریکہ سے باہر کسی دوسرے ملک میں منتقل ہونے یا کمپنی چھوڑنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملازمین کو اس بارے میں فیصلہ کرنے کے لیے صرف 3 ہفتوں کا وقت دیا گیا ہے۔یہ فیصلہ آئی بی ایم کنسلٹنگ پر نافذ ہوگا، جو کمپنی کا سب سے بڑا کاروباری ڈویژن ہے۔ اس میں دنیا بھر میں ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ ملازمین کام کرتے ہیں۔ حالانکہ کمپنی نے یہ نہیں بتایا ہے کہ اس پالیسی سے مجموعی طور پر کتنے ملازمین متاثر ہوں گے اور ان میں امریکہ میں کام کرنے والے کتنے افراد شامل ہیں۔ اس فیصلے کا سب سے زیادہ اثر ان غیر ملکی ملازمین پر پڑ سکتا ہے، جو ایچ-1 بی ویزا کے ذریعہ امریکہ میں کام کر رہے ہیں یا گرین کارڈ ملنے کا انتظار کر رہے ہیں۔ ان میں بڑی تعداد ہندوستانی پیشہ ور افراد کی بھی ہو سکتی ہے، کیونکہ امریکہ کے ٹیکنالوجی سیکٹر میں ہندوستانی ملازمین کی مضبوط موجودگی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ ملازمین کو 3 ہفتوں کے اندر یہ بتانا ہوگا کہ وہ امریکہ سے باہر کسی دوسرے ملک میں ملازمت کے لیے منتقل ہونا چاہتے ہیں یا نہیں۔ جو ملازمین اس اختیار کو قبول نہیں کریں گے، انہیں مبینہ طور پر 3 ماہ کی تنخواہ کے برابر سیورینس پیکیج (ملازمت ختم ہونے پر معاوضہ) دیا جائے گا۔ رپورٹس میں 31 دسمبر 2026 کو ایسے ملازمین کا آخری کام کا دن بتایا گیا ہے۔ حالانکہ یہ واضح نہیں ہے کہ اس فیصلے سے مجموعی طور پر کتنے لوگوں کی ملازمت متاثر ہوگی۔کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آئی بی ایم پہلے امریکہ میں ہنرمند ملازمین کی کمی کو پورا کرنے کے لیے اعلیٰ مہارت والے ویزا پروگرام کا استعمال کرتی تھی۔ لیکن گزشتہ کئی برسوں سے اس پروگرام پر کمپنی کا انحصار مسلسل کم ہو رہا ہے۔ آئی بی ایم کا کہنا ہے کہ اب ملازمین کی دستیابی اور صارفین کی ضروریات میں تبدیلی آئی ہے۔ اسی وجہ سے کمپنی نے آئی بی ایم کنسلٹنگ میں بیشتر عہدوں کے لیے ویزا اور گرین کارڈ کی اسپانسرشپ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ ایچ-1 بی ویزا امریکہ میں غیر ملکی پیشہ ور افراد کو کام کرنے کی اجازت دیتا ہے، جبکہ گرین کارڈ کے ذریعے انہیں وہاں مستقل طور پر رہنے اور کام کرنے کا حق ملتا ہے۔ ان دونوں عملوں میں کئی ملازمین اپنے آجر کی اسپانسرشپ پر انحصار کرتے ہیں۔ ایسے میں آئی بی ایم کا تازہ فیصلہ متاثرہ ملازمین کے لیے ایک بڑا چیلنج بن سکتا ہے۔ حالانکہ یہ فیصلہ آئی بی ایم کنسلٹنگ کے بیشتر عہدوں پر نافذ ہوگا، کمپنی کے تمام ملازمین پر نہیں۔