فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی پر سائبر حملہ، آن لائن پلیٹ فارم عارضی طور پر معطل

Wait 5 sec.

پیرس(27 نومبر 2026): بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی ایجنس فرانس پریس (اے ایف پی) نے سائبر حملے کے بعد اپنا کنٹینٹ پلیٹ فارم "اے ایف پی فورم” عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔انادولو ایجنسی نے اے ایف پی انتظامیہ کی ایک اندرونی ای میل کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ یہ سائبر حملہ جمعرات کی صبح پیرس کے مقامی وقت کے مطابق ڈیڑھ بجے شروع ہوا، جس میں "اے ایف پی فورم” کو نشانہ بنایا گیا۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق تکنیکی ٹیموں نے حملے کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے اور احتیاطی تدابیر کے طور پر پلیٹ فارم کو غیر فعال کر دیا۔ ای میل میں صارفین کو آگاہ کیا گیا کہ اے ایف پی فورم تاحکمِ ثانی دستیاب نہیں ہوگا، تاہم پلیٹ فارم کی بندش کے دوران صارفین کے لیے متبادل انتظامات کر دیے گئے ہیں۔ایجنسی کا کہنا ہے کہ بیرونی ماہرین کی مدد سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم ابھی تک حملے کے ذمہ داران کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔واضح رہے کہ یہ واقعہ حالیہ مہینوں میں فرانس اور دیگر ممالک کی کمپنیوں اور سرکاری اداروں کو نشانہ بنانے والے سائبر حملوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ماہرین کے مطابق ان میں سے بعض حملے مالی مفادات کے حامل جرائم پیشہ گروہوں کی جانب سے کیے گئے ہیں جبکہ دیگر کا مقصد محض نظام میں خلل ڈالنا تھا۔