ہندوستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پانے کے انتہائی قریب پہنچ گیا ہے۔ ’انڈیا ڈیٹ کیپٹل مارکیٹ سمٹ 2026‘ میں مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گویل نے کہا کہ امید ہے اس سال کے آخر تک یوروپی یونین (ای یو) کے ساتھ آزادانہ تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) پر بھی دستخط ہو جائیں گے اور یہ اگلے سال مارچ یا اپریل تک نافذ ہو جائے گا۔امریکہ کے ساتھ معاہدے کے بارے میں پیوش گویل نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدہ اب مکمل ہونے کے قریب ہے۔ معاہدے کو حتمی شکل دینے میں جس عمل اور طریقۂ کار کی وجہ سے رکاوٹیں آ رہی تھیں، اب اس نے ایک شکل اختیار کرنا شروع کر دی ہے۔ آسان لفظوں میں کہیں تو ہندوستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدے کی راہ میں آنے والی رکاوٹ اب ختم ہو چکی ہے اور جلد ہی اس معاہدے کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔ پیوش گویل نے اس سے قبل ایک دوسرے بیان میں کہا تھا کہ امریکہ اور ہندوستان کے درمیان بات چیت آخری مرحلے میں ہے اور کچھ معاملات پر وضاحت ہونا باقی ہے۔ لیکن اب ان کے نئے بیان سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کو لے کر بات چیت تقریباً مکمل ہونے والی ہے۔مرکزی وزیر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب امریکہ نے ہندوستان سمیت کئی ممالک پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ امریکہ نے کہا ہے کہ اگر ہندوستان کے ساتھ معاہدہ ہو جاتا ہے تو ہندوستان پر 17 فیصد ٹیرف نافذ ہوگا، لیکن اگر یہ معاہدہ نہیں ہوتا ہے تو 25 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا، جو اگلے سال کے آغاز میں نافذ ہو سکتا ہے۔ ٹیرف کی تجویز کے بعد گویل کا یہ بیان سامنے آنا واضح کرتا ہے کہ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان ٹیرف کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی ہے اور امریکہ ہندوستان کے لیے دیگر حریف ممالک کے مقابلے کم ٹیرف کی شرح مقرر کرنے پر آمادہ ہے۔قابل ذکر ہے کہ بات چیت میں تاخیر اور غیر یقینی صورت حال کے پیچھے امریکی پالیسیوں میں تبدیلی اور امریکی سپریم کورٹ کی جانب سے پہلے عائد کیے گئے وسیع پیمانے کے ٹیرف کو منسوخ کرنے جیسے واقعات رہے ہیں۔ دوسری طرف وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے اکتوبر میں بات چیت کے ’’ایک مقام پر پہنچ کر رک جانے‘‘ کا ذکر کیا تھا۔