کانگریس نے جیور انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو وزیر اعظم نریندر مودی کے نام سے منسوب کرنے اور اس کے افتتاح کے 8 ماہ بعد بھی وہاں سے ایک بھی مقررہ بین الاقوامی پرواز شروع نہ ہونے پر مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے اس معاملے پر کہا ہے کہ جیور ایئرپورٹ سے اب تک ایک بھی مقررہ بین الاقوامی مسافر پرواز نے اڑان نہیں بھری ہے، اس کے باوجود اس کا نام بدل کر ’نریندر مودی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نوئیڈا-جیور‘ رکھ دیا گیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ احمد آباد میں نریندر مودی اسٹیڈیم اور نریندر مودی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے بعد اب اگلا نمبر کس کا ہوگا؟جئے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر انگریزی روزنامہ ’دی ٹریبیون‘ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے مذکورہ بالا تبصرہ کیا ہے۔ ساتھ ہی کہا ہے کہ وزیر اعظم نے 28 مارچ 2026 کو جیور انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح بڑے پیمانے پر تشہیر اور شور و غل کے ساتھ کیا تھا۔ اس منصوبے کے پہلے مرحلہ کے لیے تنازعات کے درمیان 3000 ایکڑ سے زیادہ زمین حاصل کی گئی اور اس پر 30 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی گئی۔ اس کے باوجود افتتاح کے 8 ماہ بعد بھی وہاں سے ایک بھی مقررہ بین الاقوامی پرواز شروع نہیں ہو سکی ہے۔ مسافروں کی آمد و رفت بھی انتہائی سست رفتار ہے۔ کچھ حوصلہ افزا کام کرنے کی جگہ حکومت نے ایئرپورٹ کا نام بدل کر نریندر مودی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نوئیڈا-جیور رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔جئے رام رمیش نے ’دی ٹریبیون‘ کی رپورٹ کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے ایئرپورٹ کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھائے۔ رپورٹ کے مطابق ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق جیور ایئرپورٹ نے ستمبر میں صرف 55,890 مسافروں کو خدمات فراہم کیں، جو جولائی میں درج 76,593 مسافروں کے مقابلے میں 27 فیصد کم ہے۔ اگست میں مسافروں کی تعداد گھٹ کر 58,520 رہ گئی تھی۔ طیاروں کی آمد و رفت، یعنی پروازوں کے اترنے اور اڑان بھرنے کی تعداد بھی جولائی کے 1049 سے کم ہو کر ستمبر میں 893 رہ گئی، جو تقریباً 15 فیصد کی گراوٹ ہے۔ 15 جون سے 30 ستمبر کے درمیان ایئرپورٹ نے مجموعی طور پر 2,11,525 مسافروں کو خدمات فراہم کیں، لیکن اس پورے عرصہ میں ایک بھی بین الاقوامی مسافر پرواز ریکارڈ نہیں کی گئی۔The Jewar International Airport in UP was inaugurated by the PM on March 28, 2026, with his usual fanfare. Phase-I covers over 3,000 acres acquired amidst controversy, and the investment is over Rs 30,000 crore.Yet, till now not a single scheduled international flight has taken… pic.twitter.com/AnbGez2oWv— Jairam Ramesh (@Jairam_Ramesh) November 24, 2026رپورٹ کے مطابق مارچ میں افتتاح کے بعد 15 جون سے یہاں تجارتی پروازوں کا آغاز ہوا تھا۔ فی الحال انڈیگو اور اکاسا ایئر سمیت صرف 2 مسافر ایئرلائنز یہاں سے خدمات فراہم کر رہی ہیں۔ گھریلو پروازوں کے لیے 5 سے بڑھا کر 16 مقامات تک نیٹورک توسیع دینے اور روزانہ تقریباً 35 پروازیں چلانے کے باوجود بین الاقوامی پروازوں کا آغاز نہیں ہو سکا۔ اکاسا ایئر نے جولائی میں عارضی طور پر اپنی پروازیں معطل کر دی تھیں اور یکم اکتوبر سے دوبارہ خدمات شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ایئرپورٹ کے پہلے مرحلہ کو سالانہ 1.2 کروڑ مسافروں کی آمد و رفت کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ ایسے میں اس کی موجودہ کارکردگی نے دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے متبادل کے طور پر اس کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ دوسری جانب مرکزی کابینہ نے 9 اکتوبر کو اس کا نام تبدیل کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی۔جئے رام رمیش نے اپنے تبصرہ میں موجودہ حکومت کے اس رویے کا موازنہ ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کے طرز عمل سے بھی کیا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ جنوری 1949 میں نہرو نے حیدرآباد کے ’فتح میدان‘ کو اپنے نام سے منسوب کرنے کی تجویز مسترد کر دی تھی۔ اسی طرح دسمبر 1956 میں انہوں نے جموں و کشمیر میں بانہال ٹنل کا نام اپنے نام پر رکھنے کی تجویز بھی رکوا دی تھی۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے سابق مرکزی وزیر تعلیم ایم سی چاگلہ کی خودنوشت ’روزز اِن دسمبر‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 1960 کی دہائی کے اوائل میں چاگلہ نے ملک کی راجدھانی میں قائم ہونے والی دوسری یونیورسٹی کا نام وزیر اعظم کے نام پر رکھنے کی تجویز پیش کی تھی، لیکن نہرو نے فوراً اس تجویز کو ویٹو کر دیا تھا۔جئے رام رمیش کے اس تبصرے کا واضح پیغام یہ ہے کہ ایک طرف ملک میں بنیادی ڈھانچے کے بڑے منصوبوں کی عملی کارکردگی سوالوں کے گھیرے میں ہے، تو دوسری طرف حکومت اور اس کی کابینہ کو ان منصوبوں کو وزیر اعظم کے نام سے منسوب کرنے کی زیادہ فکر ہے۔ انہوں نے نہرو کی مثال پیش کرتے ہوئے مودی حکومت کے ’نام پرستی‘ کے رجحان کو نشانہ بنایا اور یہ سوال اٹھایا کہ آخر عوامی منصوبوں کو ذاتی تشہیر کا ذریعہ بنانے کی یہ سیاست کب ختم ہوگی؟