رانچی(27 نومبر 2026): بھارتی ریاست جھارکھنڈ کے ضلع گملا میں پولیس نے دو بھائیوں کو مبینہ طور پر اپنی بیویوں کو قتل کرنے اور لاشیں قریبی ضلع کے جنگل میں دفنانے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق ضلع گملا کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس حارث بن زماں نے بتایا کہ ایمبیولینس ڈرائیور شیو شنکر ساہو اور اس کے بھائی نوین ساہو نے پیر کے روز اپنی بیویوں، 28 سالہ منی پریا اور 20 سالہ رادھیکا کماری کو کلہاڑی کے وار کر کے قتل کر دیا۔بعد ازاں ملزمان نے لاشوں کو ایمبیولینس میں ڈال کر قریبی ضلع سمڈیگا کے ایک جنگل میں منتقل کیا اور وہاں دفنا دیا۔بھارتی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان دونوں خواتین کے درمیان پرانے تنازع پر برہم تھے، حالانکہ قتل سے دو روز قبل ہی دونوں خواتین نے آپس میں صلح کر لی تھی۔مقتول خواتین کے رشتہ داروں نے پیر کی صبح تقریباً 9 بجے ان سے بات کی تھی اور اس وقت تک حالات معمول کے مطابق تھے۔پولیس کے مطابق ملزمان نے منگل کے روز ابتدائی بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ ان کی بیویاں بتائے بغیر گھر چھوڑ کر چلی گئی ہیں، تاہم مسلسل تفتیش کے دوران دونوں بھائی ٹوٹ گئے اور جرم کا اعتراف کر لیا۔پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر جنگل سے دفنائی گئی لاشیں برآمد کر کے قبروں سے نکالیں اور پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔ کارروائی کے دوران آلۂ قتل کلہاڑی اور لاشیں منتقل کرنے کے لیے استعمال ہونے والی ایمبیولینس بھی قبضے میں لے لی گئی ہے، جبکہ پولیس نے ملزمان کے والدین سمیشور ساہو اور تیلیشوری دیوی کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔