لندن : تاریخ میں پہلی بار عالمی اوسط درجہ حرارت مسلسل چھ روز تک دو ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا، جس پر ماہرین نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلی کے سنگین اثرات کے باعث گرمی کا ایک نیا اور تشویشناک عالمی ریکارڈ قائم ہو گیا ہے، جہاں انسانی تاریخ میں پہلی بار زمین کا اوسط درجہ حرارت مسلسل کئی روز تک قبل از صنعتی دور کی سطح سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔یورپی موسمیاتی ادارے ’کوپرنیکس کلائمیٹ چینج سروس‘ کے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ 18 نومبر سے عالمی اوسط درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا جو مسلسل برقرار رہا۔اس دوران 23 نومبر کو عالمی سطح پر درجہ حرارت معمول سے 2.24 ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کے ساتھ ریکارڈ تاریخ کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا۔تازہ ترین رپورٹس کے مطابق درجہ حرارت میں 2 ڈگری سے زائد اضافے کا یہ سلسلہ پورے ایک ہفتے (18 سے 24 نومبر) تک جاری رہا ہے۔موسمیاتی ماہرین اور کوپرنیکس کی اسٹریٹجک کلائمیٹ لیڈ سمانتھا برجیس نے اس صورتحال کو دنیا کے لیے خطرے کی گھنٹی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ یہ پیرس معاہدے کی طویل مدتی حد کی باضابطہ خلاف ورزی نہیں، لیکن یہ اس بات کی واضح جھلک ہے کہ ہمارا ماحول کس خطرناک سمت میں جا رہا ہے۔ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ کوئلہ، تیل اور گیس جیسے روایتی ایندھن کے بے دریغ استعمال سے پیدا ہونے والی گرین ہاؤس گیسوں اور بحرالکاہل میں پیدا ہونے والے غیر معمولی طور پر مضبوط ’ایل نینو‘ (El Niño) موسمیاتی رجحان کے باعث عالمی درجہ حرارت میں یہ ریکارڈ اضافہ ہو رہا ہے، جس سے خوراک اور پانی کی فراہمی کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔