بھیونڈی(26 نومبر 2026): بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر بھیونڈی میں شوارما کھانے سے 74 افراد فوڈ پوائزننگ کا شکار ہوگئے، جس کے باعث سرکاری اسپتال میں بستر کم پڑ گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اندرا گاندھی میموریل سب ڈسٹرکٹ اسپتال کے حکام نے بدھ کی شام تصدیق کی کہ’اے کے شوارما‘ سے شوارما کھانے کے بعد 74 مریض زیرِ علاج ہیں۔ متاثرہ افراد میں بچوں کی بھی ایک بڑی تعداد شامل ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق پیر کی شب شوارما کھانے والے متعدد شہریوں کو قے، اسہال، پیٹ درد، متلی اور بخار کی شکایات لاحق ہوئیں۔ ابتدائی طور پر 17 مریضوں کو اسپتال لایا گیا تھا، تاہم منگل کی رات تک یہ تعداد 46 اور بدھ کی شام تک 74 تک جا پہنچی۔آئی جی ایم اسپتال کی سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مادھوی پینڈھارے نے بتایا کہ اسپتال میں منظور شدہ بستروں کی تعداد صرف 100 ہے، جبکہ وہاں پہلے ہی 150 سے 200 مریض زیرِ علاج ہیں۔نوڈلز کھانے سے 20 سالہ لڑکی کی موت کے واقعے کا ڈراپ سیناسپتال کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر اظہار کے مطابق متاثرہ مریضوں کے خون اور قے کے نمونے لیبارٹری تجزیے کے لیے تھانے کے گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ اسپتال کلوا بھجوا دیے گئے ہیں، جن کی رپورٹس آنے کے بعد بیماری کی اصل وجہ سامنے آئے گی۔دوسری جانب واقعے کے بعد میونسپل کارپوریشن اور پولیس نے بدھ کی صبح سے شہر بھر میں غیر قانونی فوڈ اسٹالز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ نظام پورہ پولیس اسٹیشن میں متعلقہ شوارما اسٹال کے مالک کے خلاف فوڈ سیفٹی قوانین اور بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ میونسپل عملے نے جے سی بی مشین کی مدد سے غیر قانونی اسٹال کو مسمار کر دیا۔بھارتی میونسپل کمشنر نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام وارڈز میں روزانہ شام 6 بجے سے رات 10 بجے تک خصوصی انسپکشن مہم چلانے کا حکم دیا ہے۔اس مہم کے تحت شوارما، کباب، بریانی، پانی پوری، وڑا پاؤ، چائنیز، فاسٹ فوڈ اور گوشت و مچھلی فروخت کرنے والی دکانوں پر صفائی کے معیار، لائسنس، گھریلو گیس سلنڈرز کے کمرشل استعمال اور کھلے عام اشیائے خوردونوش کی فروخت کا جائزہ لیا جائے گا۔واضح رہے کہ بھیونڈی میں محض پانچ ماہ قبل جون میں بھی شوارما کھانے سے 107 افراد فوڈ پوائزننگ کا شکار ہو گئے تھے۔