ابوظہبی: یو اے ای میں امریکی سفارت خانے نے ایران اور حوثیوں کے ممکنہ حملوں کے پیشِ نظر اپنے شہریوں کو ہائی الرٹ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر متحدہ عرب امارات میں موجود امریکی سفارت خانے نے خطے میں مقیم اپنے شہریوں کے لیے ہنگامی سکیورٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے انہیں غیر معمولی احتیاط برتنے کی ہدایت کر دی ہے۔امریکی مشن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران اور اس کے حمایت یافتہ حوثی گروہوں کی جانب سے مسلح حملوں اور امریکی حکام و تنصیبات کو نشانہ بنانے کے بڑھتے ہوئے خطرات کے باعث امریکی شہری انتہائی چوکس رہیں۔سفارت خانے نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ کشیدگی تیزی سے مزید شدت اختیار کر سکتی ہے، جس کے نتیجے میں خطے بھر میں فضائی حدود کی بندش، پروازوں کی اچانک منسوخی اور دیگر سفری رکاوٹیں پیدا ہو سکتی ہیں۔FOLLOW US ON ARY TUBEالرٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایران کی جانب سے بحرین اور کویت میں امریکی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے، جبکہ حوثی ملیشیا نے سعودی عرب کے خلاف کارروائیاں کی ہیں جن میں شہری ہوائی اڈوں اور اہم تنصیبات پر حملے بھی شامل ہیں، ان حملوں کے باعث شہری جانی نقصان اور شدید سفری مشکلات سامنے آئی ہیں۔امریکی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام بڑے اجتماعات اور مظاہروں سے دور رہیں، امریکہ سے منسلک مقامات اور کاروباری مراکز کے اطراف غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متبادل سفری منصوبہ بندی تیار رکھیں۔مسافروں کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ابوظہبی کے زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ، دبئی ایئرپورٹس اور متعلقہ ایئرلائنز سے اپنی پروازوں کے شیڈول کی مسلسل تصدیق کرتے رہیں۔