گوگل اور میٹا کو اربوں ڈالر جرمانہ دینا ہوگا اگر ۔۔۔۔

Wait 5 sec.

سڈنی: آسٹریلیا کی حکومت نے گوگل اور میٹا سمیت بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے لیے عالمی سالانہ آمدنی کے 5 فی صد تک جرمانے کی تجویز دی ہے۔ یہ جرمانہ نقصان دہ مواد اور لت پیدا کرنے والی خصوصیات کو ہٹانے میں ناکامی پر عائد کیا جا سکے گا۔مجوزہ جرمانے میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ پہلے زیادہ سے زیادہ 10 کروڑ 90 لاکھ آسٹریلوی ڈالر (7 کروڑ 22 لاکھ امریکی ڈالر) جرمانے کی تجویز تھی، تاہم نئی حد بعض کمپنیوں کے لیے اربوں ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔ کیوں کہ بعض پلیٹ فارمز کی سالانہ آمدنی سیکڑوں ارب ڈالر ہے۔روئٹرز کے مطابق آسٹریلیا نے گوگل اور میٹا سمیت انٹرنیٹ کمپنیوں کو خبردار کیا ہے کہ نقصان دہ مواد اور لت پیدا کرنے والی خصوصیات کو ہٹانے میں ناکامی پر انہیں عالمی آمدنی کے 5 فیصد تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔سینیٹ میں گرینز پارٹی کے ساتھ معاہدے کے بعد بل کی پارلیمان سے منظوری اور قانون بننے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔مجوزہ ڈیجیٹل ڈیوٹی آف کیئر قانون کے تحت افراد کو یہ حق بھی حاصل ہوگا کہ وہ ایسے پلیٹ فارمز کے خلاف مقدمہ دائر کر سکیں جو غلط کاموں کو ممکن بنانے میں معاون ہوں۔اٹلی کا میٹا کے خلاف ایکشن، بھاری جرمانہ عائد کر دیاقانون مختلف آن لائن صنعتوں کے لیے الگ الگ قابلِ نفاذ ضابطہ اخلاق کی جگہ ایک جامع قانون متعارف کرائے گا۔ اس کے تحت کمپنیوں کو نقصان دہ مواد اور صارفین کے لیے نقصان دہ تجربات کی پیشگی جانچ اور روک تھام کرنا ہوگی۔قانون کے تحت ہدف بنائے جانے والے مواد میں بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد، غیر رضامندی سے تیار کردہ جعلی عریاں تصاویر، صنفی بنیاد پر تشدد، خود کو نقصان پہنچانے کی ترغیب اور دہشت گردی شامل ہیں۔آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز نے کہا کہ حکومت غیر ملکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے بجائے والدین اور بچوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق یہ اصلاحات 16 سال سے کم عمر افراد کے لیے سوشل میڈیا پر پابندی کے بعد اگلا قدم ہیں۔اگرچہ ٹیکنالوجی کمپنیوں نے عمومی طور پر بچوں کے تحفظ کو بہتر بنانے اور نقصان دہ مواد کو کم کرنے کے حکومتی مقصد سے اتفاق کیا، تاہم بیش تر کمپنیوں نے بل کی مخالفت کی۔ ان کا مؤقف تھا کہ اس کے تحت حکومتی عہدیداروں کو یہ طے کرنے کا کچھ اختیار حاصل ہو جائے گا کہ کون سا مواد نقصان دہ شمار کیا جائے۔صنعتی تنظیموں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سخت جرمانوں سے بچنے کے لیے پلیٹ فارمز ضرورت سے زیادہ مواد ہٹانے لگیں گے، جس سے جائز مواد بھی متاثر ہو سکتا ہے۔ڈیجیٹل انڈسٹری گروپ نے نئے مسودے کا جائزہ نہ لینے کے باعث تبصرے سے انکار کیا، جبکہ گوگل نے بھی کوئی تبصرہ نہیں کیا۔